آزاد کشمیر میں صدر کے انتخاب سے متعلق آئینی پوزیشن کی وضاحت

آزاد جموں و کشمیر میں صدر کے انتخاب اور مدتِ صدارت سے متعلق آئینی صورتحال واضح کرنے کے لیے عبوری آئین 1974 کی متعلقہ دفعات سامنے آ گئی ہیں۔ آئین کے مطابق صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر کا انتخاب قانون ساز اسمبلی کرتی ہے جبکہ صدر کی آئینی مدت پانچ سال مقرر ہے۔

عبوری آئین میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اگر صدر اپنی مدت مکمل ہونے سے پہلے وفات پا جائے، استعفیٰ دے یا کسی اور وجہ سے عہدہ خالی ہو جائے تو ایسی صورت میں کون سا آئینی طریقہ کار اختیار کیا جائے گا۔

اس حوالے سے آزاد کشمیر کے عبوری آئین 1974 کے آرٹیکل 24 کی ذیلی شق 8 میں قائم مقام صدر سے متعلق وضاحت دی گئی ہے۔ اس شق کے مطابق، اگر صدر زندہ ہو مگر بیماری، غیر حاضری یا کسی اور وجہ سے اپنے فرائض انجام نہ دے سکے تو قانون ساز اسمبلی کا اسپیکر صدر کے فرائض ادا کرے گا۔ یہ شق صرف اسی صورت میں لاگو ہوتی ہے جب صدر عہدے پر موجود ہو مگر عملی طور پر کام کرنے کے قابل نہ ہو۔

یہ بھی پڑھیں: صدر ریاست بیرسٹر سلطان کی تدفین کے بعد صدارت کے عہدے کیلئے سیاسی سرگرمیاں تیز

دوسری جانب آرٹیکل 24 کی ذیلی شق 9 صدر کے عہدے کے خالی ہونے سے متعلق ہے۔ اس شق کے مطابق، اگر صدر کا عہدہ وفات، استعفیٰ یا کسی اور وجہ سے خالی ہو جائے تو اسمبلی کا اسپیکر صدر کے فرائض انجام دے گا اور نئے صدر کے انتخاب کا عمل شروع کرے گا۔

آئین کے مطابق نئے صدر کا انتخاب صدر کی نشست خالی ہونے کے 30 دن کے اندر کرایا جانا لازم ہے۔ تاہم اگر کسی وجہ سے اس مدت میں انتخاب ممکن نہ ہو، جیسے اسمبلی کی تحلیل، تو عام انتخابات کے بعد 30 دن کے اندر صدر کا انتخاب کیا جائے گا۔

اسی آئینی شق کے تحت یہ بھی درج ہے کہ اگر صدر کی نشست وفات کی وجہ سے خالی ہو جائے تو نیا صدر صرف باقی مدت پوری کرنے کے لیے منتخب کیا جاتا ہے، نہ کہ نئے پانچ سال کے لیے۔

موجودہ صورتحال کے حوالے سے یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ چونکہ صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اپنی آئینی مدت مکمل ہونے سے پہلے وفات پا گئے ہیں، اس لیے قانون ساز اسمبلی جو نیا صدر منتخب کرے گی وہ مکمل آئینی صدر ہوگا اور اس کی مدت پوری پانچ سال ہو گی۔

مزید پڑھیں: صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود میرپور میں پورے سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک

واضح رہے کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری مرحوم نے 25 اگست 2021ء کو صدر آزاد جموں و کشمیر کا عہدہ سنبھالا تھا۔ آئین کے مطابق چونکہ صدر کی مدت پانچ سال ہوتی ہے، اس لیے ان کی مدتِ صدارت 24 اگست 2026ء کو مکمل ہونا تھی۔

Scroll to Top