مظفرآباد: چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان کی زیرِ صدارت آزاد جموں و کشمیر میں 15 سے 17 فروری کو ہونے والے اوورسیز کنونشن 2026ء کے سٹیئرنگ گروپ کا اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے ہیڈ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں چیئرمین بورڈ آف گورنرز اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن سید قمر رضا، حکومت آزاد کشمیر کےمتعلقہ محکمہ جات کے سیکرٹریز اور اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے نمائندگان نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: اوورسیز پاکستانیوں کو گاڑی کی خرید و فروخت میں بڑی سہولت دینے کا فیصلہ
اجلاس کے دوران کنونشن کی تیاریاں، لوجسٹکس، سیکیورٹی، میڈیا کوریج اور دیگر انتظامی معاملات پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ سیکرٹریز حکومت نے اپنے محکمہ جات کے متعلقہ امور بارے بریفنگ دی۔
اجلاس میں شامل اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے نمائندوں اور اوورسیز کشمیریوں نے تجاویز پیش کیں اور حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے اس کنونشن کے انعقاد کو خوش آئند قدم قرار دیا۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری خوشحال خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز کنونشن ریاست کی معیشت، ثقافت، تعلیم اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے انتہائی اہم کردار ادا کریگا۔
یہ بھی پڑھیں: چیف سیکرٹری کی زیر صدارت اجلاس، ایکشن کمیٹی معاہدہ پرعملدرآمد کی سمریز ارسال
چیف سیکرٹری نے ہدایت کی تمام محکمہ جات اوورسیز کنونشن کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دیں اور محکمہ جات اس حوالے سے باہمی کوآرڈینیشن کو یقینی بنائیں۔




