تہران: ایرانی حکام نے گزشتہ ماہ فسادات میں ملوث ہونے کے الزام میں چار غیر ملکیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق گرفتار افراد کی قومیت ظاہر نہیں کی گئی،گرفتار افراد کو تہران صوبے میں ان کے ٹھکانے پر چھاپے کے دوران حراست میں لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:ایرانی سفیر کی خطے میں کشیدگی پر سعودی عرب کے ’مدبرانہ موقف‘ کی بھرپور تعریف
رپورٹ کے مطابق ایک مشتبہ شخص کے بیگ کی تلاشی کے دوران 4 دیسی ساختہ اسٹن گرنیڈ برآمد ہوئے جو ہنگاموں اور بےامنی کے دوران استعمال کیے گئے تھے۔ایرانی حکام نے گرفتاریوں کی تاریخ یا مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
ادھرایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ملک میں حالیہ فسادات کو امریکا اور اسرائیل کی سازش قرار دیدیاہے اور ساتھ ہی واضح کردیا کہ اس سازش کو ایرانی قوم نے ناکام بنادیا۔
آیت اللہ خامنہ ای نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ یہ کہنا محض الزام نہیں کہ یہ منصوبہ بندی بیرون ملک کی گئی بلکہ خود امریکی صدر کے بیانات اس بات کا واضح ثبوت ہیں، جن میں انہوں نے فسادیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آگے بڑھتے رہو، میں مدد کے لیے آ رہا ہوں۔
سپریم لیڈر نے کہا کہ حالیہ فسادات درحقیقت بغاوت کی ایک کوشش تھی جسے بیرون ملک سے کنٹرول کیا جا رہا تھا۔ سی آئی اے اور موساد نے بغاوت کو ہوا دینے کے لیے تمام وسائل استعمال کیے تاہم انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ ایران عالمی جارح طاقتوں کے مفادات سے ٹکرا رہا ہے اسی لیے یہ کہنا کہ ملک میں حالیہ فسادات آخری تھے درست نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک دشمن مکمل طور پر مایوس نہ ہو جائے اور ایرانی قوم یقیناً اس مشن میں کامیاب ہوکر رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: خامنہ ای کاامریکا کو انتباہ ،ایرانی پارلیمنٹ نے یورپی یونین کیخلاف بڑااقدام اٹھا لیا
ایرانی سپریم لیڈر کے مطابق دکانداروں اور تاجروں کے کچھ مطالبات جائز تھے لیکن فسادی عناصر نے پُرامن احتجاج کو پُرتشدد بنانےکی کوشش کی۔ جیسے ہی دکانداروں کو صورتِ حال کا ادراک ہوا، انہوں نے خود کو فسادیوں سے الگ کر لیا۔
آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ایرانی قوم کی بیداری اور اتحاد نے اس سازش کو ناکام بنایا اور یہ ثابت کر دیا کہ دشمن کسی بھی صورت اپنے اہداف میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔




