بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں تاریخی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور گوادر و نوشکی میں بی ایل اے سے تعلق رکھنے والے مزید دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے ۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق، یہ کارروائیاں خفیہ اطلاعات اور مؤثر منصوبہ بندی کے تحت کی گئیں، جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ اور ان کی سرگرمیاں محدود ہو گئی ہیں ۔
گوادر میں گزشتہ شب سکیورٹی فورسز نے زیرِ تعمیر عمارت پر کارروائی کی، جس کے بعد چار دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں ۔ اس کے علاوہ سالال میں ایک اور دہشت گرد کو ہلاک کرنے کی تصدیق کی گئی ہے ۔
ان کارروائیوں کے بعد بلوچستان میں ہلاک دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 177 تک پہنچ گئی ہے، جو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بنوں میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی بڑی کارروائی، انتہائی مطلوب کمانڈر سمیت 6 خوارج دہشتگرد ہلاک
ادھر نوشکی میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے بی ایل اے کے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے ۔
سکیورٹی فورسز نے اس کارروائی کی ویڈیو فوٹیج بھی جاری کی ہے، جس میں کارروائی کی مؤثریت اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی تباہی واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے ۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں ناکام حملوں اور مؤثر کارروائیوں کے بعد بی ایل اے کے عناصر کے لیے چھپنے کی جگہیں تقریباً ختم ہو گئی ہیں، اور فورسز دہشت گردوں کو نظام کے تحت چن چن کر انجام تک پہنچا رہی ہیں ۔
ان کامیابیوں کو نہ صرف صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے اہم قدم بلکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تاریخی پیش رفت بھی قرار دیا جا رہا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں دو مختلف کارروائیاں ، بھارتی پراکسی یافتہ 41 دہشتگرد ہلاک
بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی یہ کارروائیاں واضح کرتی ہیں کہ دہشتگرد تنظیموں کو سر زمین پر محفوظ ٹھکانوں کی سہولت نہیں دی جائیگی اور فورسز صوبے میں امن قائم رکھنےکیلئے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہیں ۔




