خلیجی ممالک جانے والے پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری

اسلام آباد :خلیجی ممالک، بشمول سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات، جانے والے پاکستانی شہریوں کے لیے خوشخبری ہے۔ بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے سافٹ اسکلز سرٹیفکیٹ کی شرط کے نفاذ کی آخری تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔

بیورو کے مطابق یہ شرط پہلے یکم فروری 2026 سے نافذ ہونے والی تھی، تاہم اب اسے یکم مارچ 2026 تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اس فیصلے سے پاکستان میں موجود محنت کشوں، ہنرمند افراد اور بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند شہریوں کو تیاری کے لیے اضافی وقت ملے گا، جس سے سفری اور دستاویزی امور میں آسانی پیدا ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، متعدد دہشت گرد ہلاک

حکام کا کہنا ہے کہ اس توسیع کا مقصد خلیجی ممالک میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے بہتر اور منظم مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ عالمی معیار کے مطابق ہنر اور سافٹ اسکلز کے حامل افراد کی ملازمت کے امکانات بڑھ سکیں۔ درخواست دہندگان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سرکاری ویب سائٹس اور مستند ذرائع سے تازہ ہدایات اور تقاضوں سے باخبر رہیں۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے اس سے قبل بیرون ملک ملازمت کے لیے نئے آن لائن پروٹیکٹر سرٹیفکیٹ سے متعلق وضاحت بھی جاری کی تھی۔ بیورو کی سوشل میڈیا پوسٹ کے مطابق بعض غیر ذمہ دار عناصر یہ تاثر دے رہے تھے کہ یکم فروری 2026 سے بیرون ملک جانے والے تمام افراد کے لیے آن لائن پروٹیکٹر (ای پروٹیکٹر) سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے، جو درست نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: رواں برس حج پر جانے کے خواہشمند عازمین کے لیے اہم خبر آگئی

بیورو نے عوام سے اپیل کی ہے کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی قسم کی معلومات کے لیے صرف سرکاری اعلانات پر اعتماد کریں۔

Scroll to Top