چائے دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والے مشروبات میں شمار ہوتی ہے، مگر اب اس کے طبی فوائد سے متعلق ایک اہم تحقیق نے صحت کے حوالے سے چونکا دینے والے انکشافات کر دیے ہیں۔
چین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ چائے، بالخصوص سبز چائے کا استعمال ہارٹ اٹیک سمیت مختلف امراضِ قلب، موٹاپے، ذیابیطس اور کینسر کی متعدد اقسام کے خطرات کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
یہ تحقیق چائنیز اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز کی جانب سے کی گئی، جس میں چائے پینے سے انسانی صحت پر مرتب ہونے والے اثرات پر مبنی ڈیٹا کا تفصیلی تجزیہ کیا گیا۔ تحقیق میں واضح کیا گیا کہ دنیا بھر میں کروڑوں افراد کا پسندیدہ یہ گرم مشروب مجموعی صحت کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
تحقیقی نتائج کے مطابق چائے دماغ کو تحفظ فراہم کرتی ہے، معمر افراد میں مسلز کے حجم میں عمر کے ساتھ آنے والی کمی کے خطرے کو کم کرتی ہے جبکہ جسم میں ورم کی روک تھام میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔ تاہم محققین نے واضح کیا کہ یہ فوائد اسی صورت حاصل ہوتے ہیں جب چائے کو درست اور قدرتی شکل میں استعمال کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: 30دن تک روزانہ گرین ٹی پینے کے حیران کن فوائد سامنے آگئے
تحقیق میں بتایا گیا کہ سبز چائے کے فوائد پر تو پہلے ہی خاصا تحقیقی کام ہو چکا ہے، مگر سیاہ چائے اور دیگر اقسام کے اثرات پر کم توجہ دی گئی۔ اس نئی تحقیق میں ان اقسام کو بھی شامل کرتے ہوئے بتایا گیا کہ چائے کی پتی دل کے نظام پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔
محققین کے مطابق مختلف تحقیقی رپورٹس سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ چائے کے استعمال سے بلڈ پریشر کی سطح میں کمی آتی ہے جبکہ کولیسٹرول کی سطح بہتر ہوتی ہے۔ تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ چائے پینے کے شوقین افراد میں کسی بھی وجہ سے جلد موت کا خطرہ کم ہو جاتا ہے اور کینسر کی مخصوص اقسام سے بچاؤ میں مدد ملتی ہے۔
اسی طرح چائے جسمانی وزن اور ذیابیطس کو کنٹرول میں رکھنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔ دل اور میٹابولک صحت کے علاوہ تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ چائے دماغی تنزلی کی رفتار کو کم کرتی ہے اور الزائمر جیسے امراض سے بچاؤ میں مدد فراہم کرتی ہے۔
تحقیق کے مطابق چائے عمر کے ساتھ مسلز کے حجم میں آنے والی کمی کی رفتار کو بھی سست کرتی ہے، جس سے مسلز کی مضبوطی برقرار رہتی ہے۔
تاہم محققین نے خبردار کیا کہ ہر قسم کی چائے سے یہ فوائد حاصل نہیں ہوتے۔ بوتلوں میں دستیاب چائے اور ببل ٹی میں شامل اضافی چینی، مصنوعی مٹھاس اور دیگر اجزا چائے کے قدرتی فوائد کو کم یا ختم کر سکتے ہیں۔
تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ چائے میں دھاتی اجزا، پلاسٹک کے ننھے ذرات اور کیڑے مار ادویات کی موجودگی بھی ممکن ہوتی ہے، جن سے معتدل مقدار میں چائے پینے والوں کو نقصان نہیں ہوتا، مگر زیادہ مقدار میں استعمال خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: سپریم لیڈر کی بانیِ انقلاب آیت اللہ خمینی کے مزار پر حاضری
محققین کے مطابق مجموعی نتائج یہ ظاہر کرتے ہیں کہ چائے صحت کے لیے ایک مفید مشروب ہے، خاص طور پر اگر اسے گھر میں تیار کر کے استعمال کیا جائے۔ چائے کی معتدل مقدار اپنانے سے متعدد بیماریوں کے خطرات میں کمی لائی جا سکتی ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ فوائد اور ممکنہ خطرات کی مکمل وضاحت کی جا سکے۔




