اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے مرحوم کی وفات کو آزاد کشمیر اور پاکستان کی سیاست کیلئے ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا۔
اپنے تعزیتی پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ایک مدبر سیاست دان ، جمہوریت کے علمبردار اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار رہنما تھے ۔ انہوں نے آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک متحرک اور مؤثر کردار ادا کیا اور ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیےآواز بلند کی ۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی سیاسی اور عوامی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا ۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے ملکی و بین الاقوامی سطح پر بھرپور جدوجہد کی ، جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:صدر بیرسٹر سلطان محمود کی سرکاری اعزاز کیساتھ تدفین ، تین روزہ سوگ کا اعلان
بلاول بھٹو زرداری نے مرحوم کے لیے بلند ی درجات ، مغفرت اور رحمت کی دعا کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی ۔ انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔
انہوں نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت ، سیاسی بصیرت اور کشمیر کاز سے وابستگی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی ۔ ان کی وفات سے پیدا ہونے والا مدتون تک محسوس کیا جاتا رہے گا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے حالات زندگی کے اہم گوشے
آخر میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قوم ایک ایسے رہنما سے محروم ہو گئی ہے جس نے اپنی پوری زندگی عوام ، جمہوریت اور کشمیریوں کے حقوق کے لیے وقف کر رکھی تھی ۔




