پیٹرولیم قیمتوں میں رد و بدل ،ڈیزل کی قیمت میں اضافے کا امکان

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)یکم فروری سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل، ابتدائی تخمینوں کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں معمولی کمی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں نمایاں اضافے کا امکان ہے

مزید یہ بھی پڑھیں:کٹ کی رونمائی ملتوی،پاکستانی ٹیم کی ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کا فیصلہ پیر کو متوقع

پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے باعث صارفین اور کاروباری حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 36 پیسے فی لیٹر کمی متوقع ہے ۔۔

پیٹرول کی متوقع قیمت 253.17 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 252.81 روپے فی لیٹر ہو سکتی ہے تاہم یہ کمی انتہائی معمولی ہے اس سے عوام کو خاطر خواہ ریلیف ملنے کا امکان کم دکھائی دیتا ہے۔

اس کے برعکس ہائی اسپیڈ ڈیزل استعمال کرنے والے صارفین کے لیے صورتحال تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔۔

ابتدائی اندازوں کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 47 پیسے فی لیٹر تک اضافے کی تجویز سامنے آئی ہے، جس کی منظوری کی صورت میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 257.08 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 266.55 روپے فی لیٹر تک پہنچ سکتی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر: ناقص انتظامات پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دفتر سیل

انڈسٹری ذرائع کے مطابق دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافے کی تجاویز شامل ہیں، مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 45 پیسے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں تقریباً 7 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔ جس سے دیہی علاقوں اور کم آمدنی والے طبقے پر اضافی مالی دباؤ پڑنے کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ یہ تمام تجاویز پیٹرولیم انڈسٹری کی جانب سے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی اوگرا کو بھجوائے گئے ورکنگ پیپر کا حصہ ہیں، اوگرا ان سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد اپنی سمری وفاقی حکومت کو ارسال کرے گی، جس کی بنیاد پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر حکومت پیٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسز میں کمی کا فیصلہ کرتی ہے تو عوام پر پڑنے والا بوجھ کسی حد تک کم کیا جا سکتا ہے، تاہم موجودہ مالی ضروریات اور محصولات کے اہداف کے باعث ٹیکسوں میں کمی کے امکانات محدود دکھائی دیتے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیراعظم شہباز شریف کی مشاورت سے کرے گی، جس کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے، قیمتوں کا اطلاق یکم فروری سے ہونے کا امکان ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ہر پاکستانی پر 3 لاکھ 33 ہزار قرض؟ فیکٹ چیک رپورٹ نے بھارتی دعویٰ جھوٹا ثابت کر دیا

ماہرین معاشیات کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ مہنگائی پر براہ راست اثر ڈال سکتا ہے کیونکہ ڈیزل کا استعمال ٹرانسپورٹ، زراعت اور اشیائے خورونوش کی ترسیل میں بڑے پیمانے پر ہوتا ہے

جس کے نتیجے میں ٹرانسپورٹ کرایوں اور روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:اقوام متحدہ عنقریب مالیاتی بحران سے دوچار ہو جائے گا: سیکرٹری جنرل کا انتباہ

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی بڑھتی مہنگائی نے عام شہری کی مشکلات میں اضافہ کر رکھا ہے، ایسے میں ڈیزل کی قیمت میں ممکنہ اضافہ معیشت اور گھریلو بجٹ پر مزید دباؤ ڈال سکتا ہے

شہری حکومت سے توقع کر رہے ہیں کہ قیمتوں کے حتمی تعین میں عوامی مفاد کو مدنظر رکھا جائے گا۔

Scroll to Top