ڈھاکا:ایک سروے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بنگلا دیش کے تقریباً نصف ووٹرز سمجھتے ہیں کہ خالدہ ضیامرحومہ کے صاحبزادے اور بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے چیئرمین طارق رحمان مستقبل میں وزیراعظم بن سکتے ہیں۔
نجی کنسلٹنگ فرم ’انوویشن کنسلٹنگ‘ کے تیسرے راؤنڈ کے پیپلز الیکشن پلس سروے کے مطابق 47.6 فیصد شرکا نے طارق رحمان کو مستقبل کے وزیرِ اعظم کے طور پر منتخب ہونے کے امکانات زیادہ قرار دیا ۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 14 سال بعد فضائی رابطے بحال
سروے سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ سیاسی وابستگیاں تبدیل ہو رہی ہیں اور وہ ووٹرز جو پہلے جماعت اسلامی یا نیشنل سٹیزن پارٹی کی حمایت کرتے تھے، اب بی این پی کی طرف مائل ہو رہے ہیں،خاص طور پر عوامی لیگ کے سابقہ حمایتیوں میں سے بھی کئی بی این پی کو ووٹ دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
سروے میں بتایا گیا کہ 22.5 فیصد شرکا نے جماعت اسلامی کے چیئرمین شفیق الرحمان کو وزیر اعظم کے طور پر جبکہ 2.7 فیصد نے ناہید اسلام کا نام لیا۔ تقریباً 22.2 فیصد ووٹرز ابھی فیصلہ نہیں کر سکے۔
سروے 16 تا 27 جنوری کے دوران ملک کے 64 اضلاع کے شہری اور دیہی علاقوں میں 5,147 انٹرویوز کے ذریعے کیا گیا۔
شرکا سے ووٹر ٹرن آؤٹ، ریفرنڈم سے آگاہی، قانون و انتظام، انتخابات کی غیرجانبداری، ووٹنگ کے ارادے اور پارٹی کی ترجیحات کے بارے میں سوالات کئے گئے۔
اگر فوری انتخابات کرائے جائیں تو 52.9 فیصد شرکا نے کہا کہ ان کے علاقوں میں بی این پی کے امیدوار جیتیں گے جو پچھلے سروے کے مقابلے میں 7.5 فیصد کا اضافہ ہے۔ جماعت اسلامی کی حمایت میں بھی معمولی اضافہ دیکھا گیا۔
سروے میں یہ بھی بتایا گیا کہ سابقہ عوامی لیگ ووٹرز میں سے 32.9 فیصد اب BNP کی حمایت کر سکتے ہیں جبکہ 13.2 فیصد جماعت اسلامی کی حمایت کر سکتے ہیں۔ تقریباً 41 فیصد ووٹرز ابھی فیصلہ نہیں کر سکے۔
یہ بھی پڑھیں: طارق رحمان کی 17سال بعد بنگلہ دیش واپسی، شاندار استقبال، امن کا پیغام دیدیا
سروے نے آئندہ آئینی اصلاحات کے ریفرنڈم کو بھی کور کیا جو عام انتخابات کے ساتھ شیڈول ہے۔ تقریباً 60 فیصد شرکاء نے ریفرنڈم میں “ہاں” ووٹ دینے کا کہا، جبکہ 22 فیصد اس سے لاعلم تھے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نتائج BNP کے لیے بڑھتی حمایت اور سیاسی عدم استحکام کے درمیان ملک میں سیاسی لچک اور طاقت کے نئے توازن کی عکاسی کرتے ہیں، جو بنگلا دیش کے تیرہویں پارلیمانی انتخابات کے قریب اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔




