الیکشن کمیشن آزادکشمیر نے غیر رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو انتباہ جاری کردیا

مظفرآباد:آزاد جموں وکشمیرالیکشن کمیشن نے غیر رجسٹرڈسیاسی جماعتوں کو الیکشن میں حصہ لینے کیلئے فوری مطلوبہ دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق سال رواں کے وسط میں منعقد ہونے والے عام انتخابات کے تناظر میں جملہ سیاسی جماعتوں کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ الیکشنز ایکٹ 2020ء کی دفعہ 129کے تحت انتخابی عمل میں صرف وہی سیاسی جماعتیں حصہ لے سکتی ہیں جو تحت قواعد آزادجموںوکشمیر الیکشن کمیشن کے پاس رجسٹرڈ ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں: چیف الیکشن کمشنر آزادکشمیر کی تعیناتی،3رکنی پینل وزیراعظم شہبازشریف کو ارسال

عدالت العالیہ آزادجموںوکشمیر کے فیصلہ مصدرہ 05.10.2023بعنوانی وحید اشرف بنام الیکشن کمیشن کی روشنی میں الیکشن کمیشن کی جانب سے جملہ سیاسی جماعت ہا کو نوٹسز جاری کیے جا کر ہدایت کی گئی تھی کہ پارٹی رجسٹریشن سے متعلق دستاویزات فاضل عدالت العالیہ کی طرف سے نشاندہی کردہ خامیوں اور کمیوں کو دور کرتے ہوئے دستاویزات الیکشن کمیشن کے پاس جمع کروائی جائیں۔

رجسٹر ڈسیاسی جماعت ہا میں سے 5سیاسی جماعت ہا کی طرف سے دستاویزات مکمل ہونے کی بناء پر ان کی رجسٹریشن کر دی گئی ہے ۔بعض سیاسی جماعت ہا کی طرف سے نامکمل دستاویزات جمع کروائی گئی ہیں جو کہ قانونی تقاضا پورا نہ ہونے پر زیرِ کار ہیں ۔

ایسی تمام سیاسی جماعت ہا جواس وقت تک رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہا کی تعریف میں نہیں آتی ہیں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ جب تک وہ تمام مطلوبہ دستاویزات کی تکمیل مطابق ضابطہ نہیں کرواتیں اور اس وقت تک ایسی کوئی بھی سیاسی جماعت بطور رجسٹرڈ سیاسی جماعت نہ تو کسی استحقاق کی حامل ہے اور نہ ہی آمدہ کسی بھی انتخاب میں بطور رجسٹرڈ سیاسی جماعت کسی مخصوص انتخابی نشان پر انتخابات میں حصہ لینے کی اہل ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن 2026 : سردار عتیق کا ڈویژنل رابطہ کمیٹیوں کے قیام کا اعلان

الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ ایسی جملہ سیاسی جماعت ہا جن کی رجسٹریشن الیکشن کمیشن میںزیرِ کار ہے کے سربراہان کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ وہ آزادجموںوکشمیر الیکشنز ایکٹ 2020ء و رولز 2020ء کی منشاء وفیصلہ عدالت العالیہ کی روشنی میں اپنی سیاسی جماعت کی مطلوبہ دستاویزات الیکشن کمیشن میں بعجلت ممکنہ جمع کروائیں تاکہ ان کی رجسٹریشن کی کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔

Scroll to Top