سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دو الگ الگ انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم 41 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 29 جنوری کو بلوچستان میں کی جانے والی ان کارروائیوں کے دوران دشمن کے ایماء پر کام کرنے والی دہشتگرد تنظیموں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا ۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ضلع ہرنائی کے مضافاتی علاقے میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، جہاں دہشتگردوں کے ٹھکانے پر سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی پشت پناہی میں سرگرم 30 خوارج مارے گئے ۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا، جسے موقع پر ہی ناکارہ بنا دیا گیا۔ ہلاک ہونے والے دہشتگرد فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے وابستہ تھے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی دو بڑی کارروائیاں، 11 خوارج ہلاک، آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع پنجگور میں بھی خفیہ اطلاع پر ایک اور آپریشن کیا گیا، جس میں دہشتگردوں کے ایک اہم ٹھکانے کو تباہ کر دیا گیا ۔ اس کارروائی کے نتیجے میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 11 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک ہوئے ۔
بیان کے مطابق پنجگور آپریشن کے دوران دہشتگردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور بینک ڈکیتی کی لوٹی گئی رقم بھی برآمد کی گئی، جو 15 دسمبر 2025 کو پنجگور میں ہونے والی بینک ڈکیتی سے متعلق تھی ۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشتگرد ماضی میں متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے ۔ علاقے میں مزید بھارتی حمایت یافتہ عناصر کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں، جبکہ ’عزمِ استحکام‘ کے تحت انسداد دہشتگردی کی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ٍڈی جی آئی ایس پی آر کی فیض حمید،عمران خان گٹھ جوڑ کی نشاندہی سچ ثابت ہوگئی
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں ۔



