عاصم خالد

5 فروری کو کوہالہ پُل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائیں گے ، عاصم خالد اعوان

باغ(کشمیر ڈیجیٹل نیوز)ڈپٹی کمشنر باغ عاصم خالد اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کیساتھ کشمیریوں کا رشتہ لازوال ہے ۔

پاکستانی قوم اور مسلح افواج پاکستان نے کشمیر کی تحریک میں کشمیریوں کیساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر ساتھ دیا 5 فروری کو پوری پاکستانی قوم کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنا کر دنیا کو یہ پیغام دیتی ہے کہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور انکی منزل ایک ہے ۔

پانچ فروری کو کوہالہ پُل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جاے گی جس میں پاکستان کے چاروں صوبوں وفاق گلگت کی سیاسی قیادت اور آزادکشمیر کی قیادت شریک ہو گی اہلیان باغ میزبان ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوے کیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:اساتذہ معاشرے کا ستون ، طلبہ کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھیں:ڈپٹی کمشنر باغ

اس موقع پر ایس ایس پی ریاض مغل سمیت جملہ ضلعی آفیسران،انجمن تاجران کے نمائندگان، مہاجرین جموں کشمیر کے عہدیداران، بلدیاتی نمائندگان سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر عاصم خالد اعوان کو 5 فروری کے پروگرام بارے محکمہ جات کے آفیسران نے بریفنگ دی پروگرام کے انتظامات کو حتمی شکل دینےکیلئے ذمہ داریاں تفویض کی گئیں ۔

اس موقع پر فیصلہ کیا گیا 05 فروری کو دن 10 بجے سائرن بجاے جائیں گے دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور دعاوں سے کیا جائےگا کوہالہ مین تقریب کے علاوہ باغ شہر اور اسکی تمام تحصیلوں میں بھی پروگرامات کیے جائیں گے ۔

ڈپٹی کمشنر باغ نے کہا باغ کی انتظامیہ اور عوام کوہالہ پروگرام میں آنے والے مہمانوں کی مہمان نوازی کریں گے اور پروگرام کے تمام تر انتظامات کے ذمہ دارہوں گے جس کے ذمہ جو ذمہ داری لگائی گئی ہے وہ اسے پورا کرے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ہم سے یکجہتی کے لیے ہر سال یہ دن مناتی ہے اور پوری دنیا کو پیغام دیا جاتا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر میں پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کیساتھ کھڑی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ڈپٹی کمشنر باغ کا مذہبی منافرت پھیلانے والوں کیخلاف سخت ایکشن لینے ، فوری گرفتاری کا حکم

ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیری قوم بھی پاکستانی بھائیوں کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر دنیا کو پیغام دیتی ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی منزل ہے اور کشمیری لاکھوں جانوں کا نذرانہ دیکر تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔

Scroll to Top