پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 14 سال بعد فضائی رابطے بحال

کراچی:پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان 14 سال بعد فضائی رابطے بحال ہو گئے ہیں، بنگلادیش کی قومی ایئرلائن بیمان ایئر کی پہلی پرواز 150 مسافروں کو لے کر ڈھاکا سے کراچی پہنچ گئی، جس کا کراچی ایئرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا۔

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 14 سال بعد براہ راست فضائی رابطے دوبارہ بحال ہوگئے ہیں، بنگلادیش کی بیمان ایئر لائن کی ڈھاکا سے پہلی پرواز کی آمد پر کراچی ایئرپورٹ پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: شیخ حسینہ کے نئی دہلی میں تقریب سے خطاب پر بنگلادیش کا سخت ردعمل

تقریب میں بنگلادیشی ہائی کمشنر پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی، پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی اے ایس ایف کے اعلی افسران شریک تھے۔

بنگلادیش سے کراچی آنے والی پرواز میں 150 مسافر سوار تھے جبکہ کراچی سے ڈھاکا واپسی جانے والی پرواز میں 140 مسافر سوار تھے۔

بیمان ایئر ابتدائی طور پر ہفتہ وار 2 پروازیں کراچی اور ڈھاکا کے درمیان چلائے گی جب کہ اس کے لیے بوئنگ 737 طیارے استعمال کریگی۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے خطاب میں کہا کہ آج پاکستان بنگلادیش کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے لیے تاریخی دن ہے۔ پاکستان بنگلادیش کے درمیان براہ راست فضائی رابطے کی بحالی دونوں ملکوں کے لیے اہم ہے۔

گورنر سندھ نے اس لمحے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سفارتی کامیابیاں سمیٹ رہا ہے اور انشاء اللہ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: دھمکیوں کا جواب، بنگلا دیش نے بھارتیوں کو ویزوں کا اجرا روک دیا

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلادیش آپس میں برادر ملک ہیں مگر درمیان میں بھارت اور بالخصوص مودی نے اپنے مذموم عزائم استعمال کیے جن میں اب وہ ناکام ہوگیا ہے۔

خیال رہے کہ ڈھاکا اور کراچی کے درمیان پرواز کا دورانیہ 3 گھنٹے ہے، براہ راست پروازیں بند ہونے کے باعث بنگلادیش جانے والے مسافروں کو براستہ دبئی مہنگا اور طویل سفر کرنا پڑتا تھا۔

Scroll to Top