آزاد کشمیر

سونے کی قیمت میں آج 21 ہزار سے زائد کا ریکارڈ اضافہ

پاکستان: عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں تیزی کے اثرات پاکستان میں بھی نمایاں ہو رہے ہیں۔ ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں یکمشت 21 ہزار 200 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق یہ ملک کی تاریخ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں سب سے بڑا اضافہ ہے، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 5 لاکھ 72 ہزار 862 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 18 ہزار 175 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 91 ہزار 136 روپے ہو گئی ہے۔ عالمی بازار میں سونے کی قیمت 212 ڈالرز کے اضافے کے بعد 5,505 ڈالرز فی اونس ریکارڈ کی گئی ہے۔ ایسوسی ایشن کے اعلامیے کے مطابق فی تولہ چاندی کی قیمت بھی 264 روپے اضافے سے 12 ہزار 175 روپے ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سوزوکی پاکستان کا سرٹیفائیڈ استعمال شدہ گاڑیوں کا پروگرام لانچ

واضح رہے کہ جنوری 2026 میں سونے کا بھاؤ مجموعی طور پر 115,900 روپے بڑھ چکا ہے۔ گزشتہ روز بھی سونے کی قیمت میں 21 ہزار 100 روپے کا اضافہ ہوا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی معیشت میں غیر یقینی صورتحال، جغرافیائی سیاسی کشیدگی، شرح سود میں اتار چڑھاؤ اور کرنسی مارکیٹس میں عدم استحکام کے باعث سرمایہ کار سونے اور چاندی کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھ کر خریداری کر رہے ہیں۔ ماہرین مزید کہتے ہیں کہ اگر عالمی حالات میں بہتری نہ آئی تو سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ متوقع ہے، جس کے اثرات براہِ راست مقامی مارکیٹ اور صارفین پر مرتب ہوں گے۔

مزید پڑھیں: ایوی جین-زی الیکٹرک سکوٹر پاکستان میں متعارف،قیمت کیا ہے؟

عالمی سطح پر سونے کے ذخائر کے حوالے سے امریکا پہلے نمبر پر ہے جبکہ ایشیا میں یہ اعزاز چین کے پاس ہے۔ بھارت عالمی سطح پر آٹھویں اور ایشیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔ پاکستان عالمی فہرست میں 49 ویں نمبر پر ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکا، جرمنی اور اٹلی سونے کے ذخائر کے حوالے سے سرفہرست ہیں۔ ایشیا میں چین اور بھارت کے پاس سب سے زیادہ ذخائر موجود ہیں۔ ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق مختلف ممالک کے مرکزی بینکوں نے 2024ء میں 1,000 میٹرک ٹن سے زائد سونا خریدا، جو پچھلی دہائی کی اوسط سالانہ خریداری کے تقریباً دگنا کے برابر ہے۔

Scroll to Top