سوزوکی پاکستان کا سرٹیفائیڈ استعمال شدہ گاڑیوں کا پروگرام لانچ

سوزوکی پاکستان نے ملک بھر میں اپنی سرٹیفائیڈ استعمال شدہ گاڑیوں کی اسکیم متعارف کرا دی ہے جس کا مقصد صارفین کو معیاری اور قابلِ اعتماد استعمال شدہ گاڑیاں فراہم کرنا ہے۔

اس پروگرام کے تحت گاڑیوں کا مکمل معائنہ سوزوکی کے تربیت یافتہ انجینئرز انجام دیتے ہیں جس کے بعد انہیں سرٹیفکیشن دی جاتی ہے۔ کمپنی کے مطابق اس جانچ پڑتال کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ گاڑیاں طے شدہ معیار پر پوری اتریں اور خریدار اعتماد کے ساتھ خریداری کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: کم بجٹ، زیادہ فائدہ، 2026 کی 7 سستی گاڑیاں کونسی ہیں؟

اس نئے پروگرام کے تحت سوزوکی یوزڈ کار گالا کا انعقاد یکم فروری 2026 کو دو شہروں، ملتان اور لاہور میں کیا جائے گا۔ ان تقریبات میں سو سے زائد سرٹیفائیڈ استعمال شدہ گاڑیاں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی، تاکہ صارفین ایک ہی جگہ پر مختلف ماڈلز کا جائزہ لے سکیں۔

سوزوکی کے سرٹیفائیڈ استعمال شدہ گاڑیوں کے پروگرام میں گاڑی خریدنے کا عمل تین مراحل پر مشتمل ہے۔ اس عمل کا آغاز گاڑیوں کے انتخاب اور تفصیلات دیکھنے سے ہوتا ہے، جبکہ آخری مرحلے میں خریدار کو مکمل خریداری کا تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ مرحلہ وار طریقہ کار صارفین کے لیے آسان اور محفوظ بنایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: ہنڈائی پاکستان نے ایلانٹرا ہائبرڈ اقساط پر متعارف کرا دی

اس پروگرام کے تحت سرٹیفائیڈ گاڑیوں پر وارنٹی بھی فراہم کی جا رہی ہے جبکہ صارفین کے لیے ایکسچینج اور ٹریڈ اِن کی سہولت بھی دستیاب ہے۔ سوزوکی کی کسٹمر سروس پالیسی کے مطابق صارفین نئے یا سرٹیفائیڈ استعمال شدہ سوزوکی وہیکلز خرید سکتے ہیں، جن کے ساتھ ایک سال کی وارنٹی شامل ہوگی۔

سوزوکی پاکستان نے صارفین کی سہولت کے لیے ایک آن لائن پلیٹ فارم بھی فراہم کیا ہے، جہاں صارفین سوزوکی سرٹیفائیڈ استعمال شدہ گاڑیوں کی ویب سائٹ suzukipakistan.com/certified-used-cars پر جا کر اپنی پسند کے شہر، گاڑی کے ماڈل اور قیمت کی حد کے مطابق انتخاب کر سکتے ہیں۔

کمپنی کے مطابق اس اقدام کے ذریعے سوزوکی پاکستان اپنے اس عزم کو پورا کر رہی ہے کہ پاکستانی صارفین کو ایسی گاڑیاں فراہم کی جائیں جو مکمل معائنہ، جانچ اور سرٹیفکیشن کے مراحل سے گزر چکی ہوں اور جن پر اعتماد کیا جا سکے۔

Scroll to Top