اسلام آباد: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے بھارت میں کھیلنے سے انکار پر بنگلادیش کو ٹی 20ورلڈ کپ سے نکالنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کی بھی ایونٹ میں شرکت پر تاحال سوالیہ نشان موجود ہے۔
آئی سی سی ٹی 20ورلڈکپ کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان تو ہو گیا لیکن کیا پاکستان ورلڈ کپ کھیلے گا ؟اس پر مشاورت کے لیے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی آج وزیراعظم شہبازشریف سے اہم ملاقات متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ٹی 20ورلڈ کپ میں شریک ہونے یانہ ہونے سے متعلق امور پرگفتگو ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان
ذرائع کے مطابق ٹی 20ورلڈکپ میں شرکت کرنے یا نہ کرنے سے متعلق وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے بھی مشاورت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ مشاورت ہورہی ہے، حکومت کردار ادا کرے گی ،جو فیصلہ ہوگا آگاہ کردیاجائے گا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کا کہنا ہےکہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کا مؤقف اصولوں پر مبنی ہے، آئی سی سی کے دوہرے معیار کو مسترد کرتے ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سیاست زدہ کرکٹ کسی کے مفاد میں نہیں، سب کو کرکٹ کے اصولوں پر چلنا چاہیے، ہمارے کھلاڑی با صلاحیت اور ہر لحاظ سے مقابلہ کرنا جانتے ہیں، کسی بھی میدان میں کامیابی ٹیم ورک سے حاصل ہوتی ہے۔
اس سے قبل چیئرمین محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی سے زیادہ حکومت پاکستان کے تابع ہیں اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت سے متعلق فیصلہ حکومت پاکستان کرے گی۔
یاد رہے کہ چند روز پہلے بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز کھیلنے کے لیے بھارت جانے سے انکار کیا۔ بنگلادیش بورڈ کا مؤقف تھا کہ سکیورٹی خدشات پر اُس کے میچز سری لنکا منتقل کیئے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں:ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے اخراج،آئی سی سی کا فیصلہ قبول کرتے ہیں،بنگلہ دیش
تاہم آئی سی سی نے بنگلا دیش بورڈ کا مؤقف مسترد کرتے ہوئے بنگلا دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو میگا ایونٹ میں شامل کر لیا۔
گزشتہ دنوں ذرائع سے یہ خبر سامنے آٗئی تھی کہ بنگلا دیش کے ورلڈ کپ میں شرکت سے انکار کی صورت میں پاکستان کے بھی بائیکاٹ کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ ٹی 20ورلڈکپ کا آغاز 7 فروری سے ہونا ہے،ایونٹ میں پاکستان کے میچز سری لنکا میں شیڈولڈ ہیں۔




