لاہور (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی اور محمد یوسف نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی پالیسیوں پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔
سابق کپتان شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر کہا کہ ایک سابق بین الاقوامی کرکٹر کے طور پر مجھے آئی سی سی کی پالیسی میں تسلسل کی کمی پر سخت مایوسی ہوئی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ آئی سی سی نے 2025 میں بھی بھارت کے سکیورٹی خدشات کے باعث پاکستان کے دورے کو منسوخ کرنے کا فیصلہ تسلیم کیاتھا لیکن بنگلہ دیش کے معاملے میں اسی اصول کو اپنانے سے گریز کیا گیا ۔
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ تسلسل اور برابری بین الاقوامی کرکٹ کے بنیادی اصول ہیں اور بنگلہ دیش کے کھلاڑیوں اور ان کے لاکھوں شائقین کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:شاہد آفریدی کی کراچی سے اسلام آباد مستقل منتقلی، وجہ سامنے آگئی
ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کو حالات کو بہتر بنانے کے لیے پل بنانے کی کوشش کرنی چاہیے ، نہ کہ اسے تباہ کرنے کی ۔
دوسری جانب سابق کپتان محمد یوسف نے بھی کہا کہ بنگلا دیش کو ٹی 20 ورلڈ کپ سے خارج کرنا افسوسناک ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی کرکٹ گورننس کی بنیاد برابری اور تسلسل پرہونی چاہیے ۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انٹر نیشنل کونسل کو کسی ایک ملک کے بورڈ کے حق میں نہیں بلکہ عالمی کرکٹ کے مفاد میں فیصلے کرنے چاہئیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان کا ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا اور کرکٹ ویب سائٹس کے مطابق آئی سی سی نے بنگلا دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شامل کر لیا ہے ۔




