دھیرکوٹ (کشمیر ڈیجیٹل نیوز)آزاد کشمیر کے علاقے دھیرکوٹ میں سردی سے بچاؤ کیلئے بند کمرے میں کوئلہ جلانا ایک المناک حادثے کا سبب بن گیا، جس کے نتیجے میں 12 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ اس کے والدین اور ایک اور بیٹابے ہوش ہو گئے ۔
پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ دھیرکوٹ کے نواحی علاقے کلس پجے میں پیش آیا، جہاں ندیم نامی شخص اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ رہائش پذیر تھے۔ شدید سردی کے باعث اہلِ خانہ نے کمرے کے اندر کوئلے کا ہیٹر جلایا اور دروازے بند کر لیے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاک فوج نے کوٹلی، پیر نسورا میں برفباری میں پھنسی گاڑیوں کو ریسکیو کرلیا
کچھ ہی دیر بعد کمرے میں زہریلی گیس بھر گئی، جس سے گھر میں موجود چاروں افراد بے ہوش ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر مقامی افراد فوری طور پر موقع پر پہنچے اور دروازہ توڑ کر متاثرہ افراد کو باہر نکالا ۔
ریسکیو کے دوران معلوم ہوا کہ 12 سالہ بچہ دم گھٹنے کے باعث موقع پر ہی جان کی بازی ہار چکا تھا جبکہ والد ندیم، ان کی اہلیہ اور دوسرا بیٹا شدید بے ہوشی کی حالت میں تھے۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد تینوں کو تشویشناک حالت میں مظفرآباد کے بڑے ہسپتال ہیں ریفر کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وادی نیلم میں افسوسناک واقعہ: کمرے میں گیس بھرنے سے نوبیاہتا جوڑے کی موت
پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثہ آکسیجن کی کمی اور زہریلی گیس کے اخراج کے باعث پیش آیا۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سردیوں کے موسم میں بند کمروں میں کوئلہ، انگیٹھی یا دیگر جلنے والے ایندھن کے استعمال سے گریز کریں اور مناسب ہوا کی آمد و رفت کو یقینی بنائیں تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے ۔




