نکیال/پیر نسورہ: شدید برفباری کے باعث سڑک بند ہونے سے پھنسے شہریوں اور خاندانوں کو نکالنے کے لیے پاک فوج نے بروقت ریسکیو کارروائی کی۔ متاثرہ افراد کو کھانے پینے کی اشیاء، پینے کا صاف پانی، گرم چائے، جوسز اور پٹرول فراہم کیا گیا۔
اس دوران کوٹلی سے سول ریسکیو ٹیم بھی پیر نسورہ پہنچی اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ کوٹلی تا نکیال روڈ کی بحالی کے لیے مشینری کے ذریعے برف ہٹانے کا عمل جاری رہا، جس کے نتیجے میں سڑک مکمل طور پر کھول دی گئی۔
برفباری کے باعث متعدد گاڑیاں راستے میں پھنس گئیں، جن میں ایک گاڑی پیر نسورہ ویو پوائنٹ پر جبکہ دو گاڑیاں ایندھن ختم ہونے کے باعث رک گئیں۔ پاک فوج نے فوری امداد فراہم کی اور متاثرہ افراد میں کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں:بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد رابطہ سڑکیں بحال کرنے کا عمل شروع، درجنوں افراد ریسکیو
سڑک بند ہونے اور مقامی ٹرانسپورٹ کی کمی کے باعث ایک فوجی اہلکار اور ایک مقامی شہری نکیال میں عارضی طور پر قیام پذیر رہے۔ بعد ازاں کوٹلی تا نکیال سڑک مکمل طور پر بحال ہو گئی اور پاک فوج نے کارروائی مکمل کرنے کے بعد واپس روانہ ہو گئی۔




