پہلی بار پودوں کے سانس لینے کا عمل آنکوں سے دیکھا جا سکے گا!

سائنس کی دنیا میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جس کے تحت انسان پہلی بار پودوں کے سانس لینے کے عمل کو اپنی آنکھوں سےحقیقی وقت میں دیکھ سکیں گے۔

صدیوں سے سائنسدان جانتے ہیں کہ پودے اپنے پتوں میں موجود نہایت ننھے سوراخوں کے ذریعے سانس لیتے ہیں، جنہیں سٹومیٹا کہا جاتا ہے۔ یہی سٹومیٹا پودوں کو کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرنے اور پانی کے بخارات خارج کرنے کے درمیان توازن قائم رکھنے میں مدد دیتے ہیں، جس سے پودوں کی مجموعی کارکردگی برقرار رہتی ہے۔

ایک نجی چینل کے مطابق یونیورسٹی آف الینوائے کے محققین نے ایک ایسا انقلابی آلہ تیار کیا ہے جس کے ذریعے پودوں کے سانس لینے کے عمل کو پہلی مرتبہ براہِ راست اور واضح انداز میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس تحقیق میں پودوں کے اس حیاتیاتی عمل کو حقیقی وقت میں دیکھا اور محفوظ کیا گیا، جو اس سے قبل ممکن نہیں تھا۔

’سٹومیٹا ان سائٹ‘ نامی یہ آلہ پتے کے مائیکرو سکوپک سوراخوں یعنی سٹومیٹا کو دکھاتا ہے، جنہیں پودوں کا منہ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ آلہ اس بات کو واضح کرتا ہے کہ یہ سوراخ کس طرح کاربن ڈائی آکسائیڈ، آکسیجن اور پانی کے بخارات کا تبادلہ کرتے ہیں۔ اس جدید ٹیکنالوجی میں ایک ہائی ریزولوشن کنفوکل مائیکرو سکوپ، نہایت درست گیس ایکسچینج نظام اور جدید مشین لرننگ سافٹ ویئر شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آسمان پر دو سورج نمودار! شہریوں نے دلفریب لمحہ محفوظ کر لیا

تجربات کے دوران پتے کے ایک باریک حصے کو ایک چھوٹے، ہتھیلی کے سائز کے چیمبر میں رکھا جاتا ہے، جہاں درجہ حرارت، نمی، روشنی، کاربن ڈائی آکسائیڈ کی مقدار اور پانی کی دستیابی کو انتہائی درستگی سے کنٹرول کیا جاتا ہے۔ تحقیقاتی ٹیم نے ایک ویڈیو بھی ریکارڈ کی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ پودے کس طرح کاربن ڈائی آکسائیڈ کو جذب کرتے ہیں اور آکسیجن و پانی کے بخارات خارج کرتے ہیں۔

یونیورسٹی آف الینوائے کے اینڈریو لیکی نے فاکس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’مثال کے طور پر یہ سوراخ روشنی میں کھلتے ہیں اور اندھیرے میں بند ہو جاتے ہیں۔ ایسا اس لیے ہوتا ہے تاکہ سازگار حالات میں ضیائی تالیف ممکن ہو سکے اور ساتھ ہی پتے کے اندر کے پانی کا ضیاع کم سے کم ہو۔ جب پودوں کو مناسب پانی نہ ملے — چاہے موسم گرم اور خشک ہو یا ہم پانی دینا بھول جائیں تو وہ خشک ہونا شروع ہو جاتے ہیں اور ان کی نشوونما متاثر ہوتی ہے۔‘

یہ بھی پڑھیں: سام سنگ نے پاکستان میں گلیکسی S25 اور S25 الٹرا کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر دی

یہ پیش رفت اس لیے اہم سمجھی جا رہی ہے کہ پودوں کی کارکردگی کو بہتر طور پر سمجھنے سے مستقبل میں فصلوں کی بہتری میں مدد مل سکتی ہے۔ سٹومیٹا کے کھلنے اور بند ہونے کو کنٹرول کرنے والے جسمانی اور کیمیائی سگنلز، اور ان کی تعداد کے اثرات کو سمجھ کر سائنسدان ان جینیاتی خصوصیات کی نشاندہی کر سکتے ہیں جو پانی کے مؤثر استعمال میں مددگار ہوں۔

Scroll to Top