روس کے جزیرے سخالین میں آسمان پر ایک ہی وقت میں دو سورج نمودار ہونے کا غیر معمولی اور منفرد منظر دیکھ کر شہری حیران رہ گئے۔ اس حیرت انگیز منظر نے دیکھنے والوں کو چونکا دیا، جبکہ متعدد شہریوں نے اس دلفریب اور نایاب لمحے کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کر لیا۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی گردش کرتی رہی جس کے بعد اس قدرتی مظہر پر مختلف سوالات جنم لینے لگے۔
مقامی افراد کے مطابق جب انہوں نے آسمان کی طرف دیکھا تو انہیں بیک وقت دو سورج طلوع ہوتے دکھائی دیے، جس سے ماحول میں حیرت اور تجسس کی کیفیت پیدا ہو گئی۔ کچھ لمحوں کے لیے ایسا محسوس ہوا جیسے قدرت نے ایک غیر معمولی منظر پیش کر دیا ہو۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ اس سے قبل انہوں نے ایسا منظر کبھی اپنی آنکھوں سے نہیں دیکھا تھا۔
Two suns rise over parts of Russia
Sakhalin residents spot a rare sun dog caused by ice crystals in the air pic.twitter.com/U4vX2xNac4
— RT (@RT_com) January 24, 2026
ماہرین کے مطابق آسمان پر نظر آنے والے یہ دو سورج درحقیقت اصل سورج کے عکس تھے، نہ کہ حقیقت میں دو الگ سورج۔ ماہرین نے وضاحت کی کہ روس میں شدید سردی اور درجہ حرارت کے نقطہ انجماد سے انتہائی نیچے گرنے کے باعث فضا میں برف کے باریک کرسٹلز بن جاتے ہیں۔ انہی برف کے کرسٹلز کی موجودگی کی وجہ سے سورج کی روشنی مختلف زاویوں سے منعکس ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں ایک ہی سورج دو مقامات پر طلوع ہوتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا میں پاکستانی نوجوانوں کو کھیلوں میں شرکت کا موقع دیں گے ، نیٹلی بیکر
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آسمان پر نمودار ہونے والے اس قدرتی مظہر کو ’سن ڈوگ‘ کہا جاتا ہے۔ یہ منظر عموماً انتہائی سرد موسم میں دیکھنے میں آتا ہے، جب فضا میں برف کے ذرات روشنی کو منعکس کرتے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ ایک معروف مگر کم دیکھے جانے والا موسمی مظہر ہے۔
روس کے جزیرے سخالین میں آج درجہ حرارت منفی 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آج پارہ منفی 23 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ شدید سردی کے باعث ایسے مناظر کے نمودار ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، جس کی ایک مثال یہ منظر بھی ہے جس نے شہریوں کو حیران کر دیا۔




