آج کے دور میں ہر گھر میں اسمارٹ فون عام ہیں، جو صرف کال کیلئے نہیں بلکہ ذاتی معلومات، تصاویر، ویڈیوز اور مختلف آن لائن اکاؤنٹس کیلئےیوز ہوتے ہیں ۔ اکثر لوگ پرانا فون فروخت کر دیتے ہیں، لیکن اگر اس سے قبل مناسب حفاظتی اقدامات نہ کیے جائیں تو آپ کا ذاتی ڈیٹا لیک ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ فون بیچنے یا دینے سے پہلے مکمل ڈیٹا پروٹیکشن یقینی بنائی جائے ۔
پی ٹی اے کے مطابق سب سے پہلا قدم فون کی فیکٹری ری سیٹ ہے لیکن صرف ری سیٹ کافی نہیں کیونکہ جدید سافٹ ویئر کے ذریعے ڈیٹا دوبارہ حاصل کیا جا سکتا ہے ۔ ری سیٹ سے پہلے فون کی انکرپشن کو چیک کرنا ناگزیر ہے ۔
صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ سیٹنگز میں جا کر چیٹ بیک اپ اور اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن فعال کریں تاکہ تمام ڈیٹا محفوظ ہو اور اوور رائٹ ہو جائے ۔ ری سیٹ کے بعد فون میں کچھ اضافی تصاویر یا ویڈیوز منتقل کریں اور دوبارہ ری سیٹ کریں تاکہ پرانا ڈیٹا مکمل طور پر ختم ہو جائے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سمندر پار پاکستانیوں کے لیے مزید سمیں بلاک نہیں کرینگے ، پی ٹی اے
مزید برآں تمام اکاؤنٹس جیسے گوگل، ایپل آئی ڈی، سیمسنگ یا سونی آئی ڈی کو فون سے حذف کرنا ضروری ہے تاکہ نیا صارف اسے بغیر کسی مسئلے کے استعمال کر سکے ۔
فون بیچنے یا دینے سے پہلے اپنا ڈیٹا ضرور بیک اپ کریں تاکہ اہم معلومات Google Drive، iCloud، میموری کارڈ یا کمپیوٹر پر محفوظ رہیں۔ علاوہ ازیں، سم کارڈ اور میموری کارڈ نکالنا بھی ضروری ہے تاکہ ذاتی ڈیٹا کسی اور کے ہاتھ نہ لگے ۔
پی ٹی اے کا مزیدکہنا ہے کہ یہ اقدامات صارفین کو پرائیویسی کے افشا ہونے، شناخت کی چوری اور ذاتی ڈیٹا کے غلط استعمال سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جعلی کالز، پی ٹی اے کا موبائل صارفین کو انتباہ جاری
موبائل بیچنے یا دینے سے پہلے ان ہدایات پر عمل کرنا ہر صارف کے لیے لازمی ہے تاکہ ذاتی معلومات محفوظ رہیں اور ڈیٹا کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے ۔




