چلاس، تانگیر لرک میں مکان گرنے سے 4 افراد جاں بحق، 2 زخمی

گلگت (کشمیر ڈیجیٹل)چلاس کے علاقے تانگیر لرک میں برفباری کے باعث مکان گر گیا جس سے ایک ہی خاندان کے چارافراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:افغانستان : بارش اور برفباری،61 افرادجاں بحق، 50 مکان تباہ

حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح پیش آیا جب مکان کا ایک حصہ اچانک منہدم ہو گیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

مقامی پولیس اورگلگت بلتستان سکاؤٹس کی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اورزخمیوں کو فوری طور پرطبی امداد کیلئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایمان مزاری ،ہادی علی چٹھہ کو 17، 17 سال قید ،تفصیلی فیصلہ جاری

ریسکیو حکام کے مطابق اب تک ملبے تلے پھنسے کسی اورشخص کی موجودگی کی تاحال تصدیق نہیں ہو سکی، اس لئے سرچ آپریشن جاری ہے، پولیس نے علاقہ سیل کرکے رہائشیوں کوحفاظتی اقدامات اختیارکرنے کی ہدایت دی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مکان کی عمارت پرانی اورناقص تھی اورحادثے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس اسٹیشن تانگیر کی جانب سے واقعے کی اطلاع ملتے ہی طبی امداد اور ایمبولینس فوری طور پر روانہ کی گئی۔ ایک میڈیکل آفیسر، تین جے ایم ٹیز اور ایک او ٹی اے پر مشتمل میڈیکل ٹیم، تمام ضروری جان بچانے والی ادویات اور ایمبولینس کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچی۔
جائے حادثہ پر پہنچنے پر معلوم ہوا کہ مقامی افراد کی جانب سے ریسکیو آپریشن جاری تھا، جس میں میڈیکل ٹیم نے بھی عملی طور پر حصہ لیا۔ تقریباً ایک گھنٹے کی مسلسل کوششوں کے بعد منہدم مکان کے ملبے تلے دبے چار افراد کی لاشیں اور دو زخمی بچوں کو نکال لیا گیا۔
جاں بحق افراد میں شامل ہیں:
1۔ کلیم اللہ ولد فضل رحیم، عمر 14 سال
2۔ نظام اللہ ولد فضل رحیم، عمر 10 سال
3۔ حسینہ دختر فضل رحیم، عمر 6 سال
4۔ فضل رحیم کی اہلیہ، عمر تقریباً 42 سال
زخمی افراد میں شامل ہیں:
1۔ عرفان ولد ضیاء اللہ، عمر 15 سال
2۔ مدینہ دختر ضیاء اللہ، عمر 12 سال
زخمی بچوں کو جائے وقوعہ پر فوری ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جس کے بعد انہیں مزید علاج اور طبی معائنے کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال تانگیر منتقل کر دیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق دونوں زخمی بچوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا ہے، جبکہ مقامی افراد نے شدید برفباری اور بارش کے دوران خستہ حال عمارتوں کے باعث پیش آنے والے ایسے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ اداروں سے حفاظتی اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔

Scroll to Top