اوورسیز

اوورسیز پاکستانیوں کو گاڑی کی خرید و فروخت میں بڑی سہولت دینے کا فیصلہ

لاہور (کشمیر ڈیجیٹل نیوز)صوبائی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو گاڑی کی خرید و فروخت اور ٹرانسفر کے عمل میں بڑی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اب بیرونِ ملک مقیم پاکستانی پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق کے ساتھ گاڑی کی خریداری اور منتقلی کر سکیں گے ۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد اور سندھ میں پاک آئی ڈی ایپ پر بائیو میٹرک نظام کے آغاز کے بعد پنجاب حکومت نے بھی اس سہولت کے نفاذ کے لیے اقدامات تیز کر د ئیے ہیں۔ ڈی جی ایکسائز نے سسٹم انٹگریشن کے حوالے سے نادرا سے دوبارہ رابطہ کیا ہے تاکہ اس سہولت کو جلد از جلد پنجاب میں بھی متعارف کرایا جا سکے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:حکومت نے الیکٹرک گاڑیوں کیلئے سبسڈی کی منظوری دے دی

پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے صارفین گاڑی کا رجسٹریشن نمبر، چیسز نمبر اور مالک کا نام درج کر کے بائیو میٹرک تصدیق مکمل کر سکیں گے۔ اس سے قبل اوورسیز پاکستانیوں کو گاڑی کی منتقلی کیلئے اتھارٹی لیٹر بنوا کر ایمبیسی سے تصدیق کروانا اور پھر اسے پاکستان بھجوانا پڑتا تھا، جو ایک طویل، مہنگا اور پیچیدہ عمل تھا ۔

حکام کے مطابق پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے بائیو میٹرک ٹرانسفر سے اوورسیز پاکستانیوں کے نام پر گاڑیوں کی جعلسازی اور غیر قانونی منتقلی کے واقعات میں نمایاں کمی آئے گی۔ بائیو میٹرک نظام میں تاخیر کے باعث اس وقت ہزاروں گاڑیاں اوپن لیٹر پر چل رہی ہیں، جس کا حل بھی اس نظام کے نفاذ سے ممکن ہو سکے گا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:نیشنل سیونگ سرٹیفیکیٹ میں ایک لاکھ کی سرمایہ کاری پر منافع کی نئی شرحیں مقرر

حکام کا مزید کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق ایکسائز اور نادرا کے درمیان معاملات پہلے ہی طے پا چکے تھے، اب دونوں اداروں کے سسٹمز کو آپس میں مربوط کر کے بائیو میٹرک سہولت جلد فراہم کی جائے گی، جس سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو بڑا ریلیف ملے گا ۔

Scroll to Top