برفباری

آزاد کشمیر میں برفباری کے باعث بجلی کا طویل بریک ڈاؤن، شہری مشکلات کا شکار

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل نیوز)آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد اور اس کے گردونواح میں گزشتہ رات سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ بلند و بالا پہاڑوں پر شدید برفباری ہو رہی ہے ۔ پیرچناسی، کوہِ مکڑا اور کوہِ پیرہاسی مار سمیت بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث درجہ حرارت منفی میں چلا گیا ہے ۔

بالائی علاقوں میں کئی مقامات پر درجہ حرارت نقطۂ انجماد تک پہنچنے سے معمولاتِ زندگی متاثر ہو گئے ہیں اور عوام کو شدید سردی کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔ مظفرآباد شہر میں تقریباً بیس سال بعد برفباری ہوئی، جس پر شہری بڑی تعداد میں گھروں سے باہر نکل آئے اور برفباری کا نظارہ کیا ۔

مسلسل بارش اور برفباری کے باعث سڑکوں پر شدید پھسلن پیدا ہو گئی ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے اور کئی مقامات پر آمدورفت دشوار ہو گئی ہے ۔ تاہم بارش و برفباری سے سردی میں اضافے کے ساتھ ساتھ خشک سالی کے خاتمے اور زیرِ زمین پانی کے ذخائر میں اضافے کی اُمید بھی پیدا ہوئی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر کے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، متعدد رابطہ سڑکیں بند،مظفرآباد شہر میں 10سال بعد برفباری

محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر کے شمالی اور وسطی بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہنے کا امکان ہے ۔ اس صورتحال کے پیش نظر اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (SDMA) نے شہریوں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے ۔

دوسری جانب مظفرآباد میں رات بھر جاری بارش کے باعث سردی کی شدت برقرار ہے جبکہ آزاد کشمیر کے دارالحکومت سمیت مختلف اضلاع میں بجلی کا طویل ترین بریک ڈاؤن سامنے آیا ہے ۔ ضلع جہلم ویلی، ضلع نیلم اور ضلع باغ کے متعدد علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:امریکی فوج ایران کی جانب روانہ،بحری جنگی جہاز اور طیارے شامل

محکمہ برقیات بجلی کی بندش کی وجوہات بتانے سے قاصر ہے، جبکہ بجلی کی عدم فراہمی کے باعث ٹیلی مواصلات کا نظام بھی بری طرح متاثر ہو گیا ہے ۔ سرکاری مواصلاتی ادارے سمیت نجی سیلولر کمپنیوں کے متبادل پاور سسٹمز بند ہونے سے شہریوں کو رابطوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔

Scroll to Top