اسلام آباد:آزادکشمیر سمیت ملک کے کئی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے، آزادکشمیر میں برفباری کے باعث کئی رابطہ سڑکیں بند ہونے سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا ہے ، پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ رات بھر جاری رہا جبکہ مظفرآباد شہر میں بھی 10سال بعد برفباری ہوئی ہے
ذرائع کے مطابق برفباری کے باعث متعدد سیاح پھنس گئے ہیں جبکہ ملک بھرمیں ہونیوالے حادثات میں دو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔بارش اور برفباری کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوگیا اور بجلی کی سپلائی بھی معطل ہو گئی ہے۔
آزادکشمیر کے ضلع نیلم ویلی، جہلم ویلی،لیپہ ویلی،فاورڈ کہوٹہ، راولاکوٹ ، باغ اور مظفرآباد کے پہاڑو ں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے اور سردی کی شدت بھی بڑھ گئی ہےجس سے مکینوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔
ادھر بلوچستان کے شمال بالائی علاقوں میں برفانی طوفان کا سلسلہ جاری ہے، زیارت جانے والے سیاحوں کی درجنوں گاڑیاں کوئٹہ زیارت شاہراہ پر پھنس گئیں، چمن کے گردونواح میں 100 سے زائد سیاح گاڑیوں میں موجود ہیں۔
این 50 شاہراہ کان مہترزئی، خانوزئی، مسلم باغ سمیت کئی مقامات پر ٹریفک شدید متاثر ہوئی ہے، شاہراہ پر برف اور پھسلن سے بین الصوبائی شاہراہ پر مسافر اور مال بردارگاڑیاں پھنس گئی ہیں۔ این 50 پر 9 مختلف حادثات میں27 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر، بارش ،برفباری کا سلسلہ جاری،آسمانی بجلی گرنے سے گھر خاکستر
کوژک ٹاپ کے مقام پر شدید سائیبرین ہوائیں چلنے سے این 25 چمن کوئٹہ کراچی شاہراہ پر درجہ حرارت منفی 12 تک گر گیا۔
شیلاباغ کے قریب پھسلن سے کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔ کوئٹہ میں بھی موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی۔
دوسری جانب مانسہرہ، بالائی گلیات، شانگلہ،لوئر دیر، مہمند،کالام، اورکزئی، چترال، خیبر سمیت خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی شدید برف باری ہوئی۔
ضلع خیبر کی وادی تیراہ کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث 100 کےقریب گاڑیاں روڈ پرپھنس گئیں، 35 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
شانگلہ میں شدید برف باری کے بعد بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا، چترال میں برف باری سے متعدد رابطہ سڑکیں آمدورفت کے لیے بند ہو گئیں۔
سیاحتی مقام ناران میں 6 انچ اور شوگران میں ڈیڑھ انچ برف پڑ چکی ہے، سیاح برف باری سے لطف اندوز ہونے کے لیے شوگران پہنچ گئے۔
ادھر گلگت بلتستان کے ضلع استور کے بالائی علاقوں میں دو سے تین فٹ تک برف باری ہوچکی ہے، تمام بالائی علاقوں سےزمینی رابطہ منقطع ہوگیا جس کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمر میں بارش و برفباری، این ڈی ایم اے نے اہم الرٹ جاری کردیا
ہنزہ اور نگر میں بھی برفباری ہوئی، زلزلے سے متاثرہ علاقے چیپورسن میں برف باری نےخیموں میں مقیم متاثرین کی مشکلات بڑھا دیں۔
چلاس، بابو سرٹاپ، نانگا پربت،بٹو گاہ، داریل، تانگیر میں برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
مری میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے مری ایکسپریس وے کو جزوی طور پر عام ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔




