بجلی کا بے دریغ استعمال،محکمہ برقیات نے قیمت بڑھانے کا انتباہ جاری کردیا

محکمہ برقیات آزاد کشمیر نے بجلی کے استعمال کے حوالے سے آزادکشمیر کے شہریوں / بجلی صارفین کے سے تعاون کی اپیل کی ہے بصورت دیگر قیمت بڑھانے کا انتباہ جاری کردیا ہے۔

ترجمان محکمہ برقیات نے پریس ریلیز میں کہا ہے کہ صارفین  سستی بجلی کا ذمہ داری اور احتیاط کے ساتھ استعمال کریں، عوامی مطالبے پر گھریلو اور تجارتی استعمال کیلئے مقرر کردہ بجلی کے انراخ میں آزاد حکومت کی جانب سے خاطر خواہ کمی کی جا چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی صارفین خبردار! نیپرا کی منظوری پر بل میں اضافے کا امکان

بجلی کی قیمت میں اس غیر معمولی کمی کے نتیجہ میں اس کے استعمال میں بھی غیر معمولی اضافہ ہو چکا ہے۔ بجلی کے استعمال میں ہو نے والا یہ اضافہ، مظفرآباد اور پونچھ ڈویژنوں میں موسم سرما، جبکہ میرپور ڈویژن میں موسمِ گرما میں اپنی انتہا کو پہنچ جا تا ہے۔

جس کی بنیادی وجہ سردیوں میں بجلی کے ہیٹرز، گیز رز اور سب سے بڑھ کر برقی چولہوں کا استعمال جبکہ موسمِ گرما میں ائیر کنڈیشنرز کا بے دریغ استعمال ہے۔اس صورتحال میں بجلی کی تقسیم کا نظام شدید دباؤ کا شکار ہو جاتا ہے اور ٹرانسفارمرز کا جل جانا یا بریک ڈاؤن روزمرہ کا معمول بن چُکا ہےجس کے نتیجے میں معزز صارفین کو تکلیف اٹھانا پڑتی ہے۔

محکمہ  برقیات کے لئے یہ انتہائی ناخوشگوار صورتِ احوال ہے۔ محکمے کےانجینئیرز اور ٹیکنیشنز دن رات ایک کرکے ورکشاپوں میں ٹرانسفارمرز کی مرمت کرنےاور برقی رَو کی فراہمی کو رواں رکھنے/بحال کرنے پر ہمہ وقت کمر بستہ ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ آزاد حکومت دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے بجلی کی تقسیم کے نیٹ ورک کو مستحکم کرنے کی ہرممکن کوشش کررہی ہے اور اس ضمن میں وفاقی حکومت کی جانب سے گرانقدر اعانت مہیا کی جارہی ہے۔

اس سب کے باوجود اس خراب صورت حال میں بہتری اور اصلاح کا لایا جانا، معزز صارفین کے تعاون کے بغیر ناممکن ہے۔ ترجمان محکمہ برقیات نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کے غیر ضروری اور لامحدود استعمال سے گریز فرمائیں۔

یہ بھی پڑھیں: بڑھتی بجلی قیمتیں اور لوڈشیڈنگ صارفین کو سولر کی جانب راغب کر رہی ہیں

بجلی کا بِل بروقت جمع کروائیں اور کسی قسم کے بقایاجات اپنے ذمے نہ چھوڑیں۔کھانا پکانے کیلئے بجلی کے چولہوں کا استعمال ہرگز نہ فرمائیں۔ ایئر کنڈیشنرز کے استعمال میں کفایت شعاری کا مظاہرہ کریں۔

سردیوں میں حرارت کے لئے انورٹر اے سی کے استعمال کو محدود کرتے ہوئے سونے سے قبل اسے بند ضرور کردیں۔ گھروں کی بیرونی طرف غیر ضروری اور نمائشی بلب، سرچ لائیٹ وغیرہ نصب اور استعمال کرنے سے گریز کریں۔

ترجمان نے کہا کہ بجلی چوری کا ارتکاب کرنے والے ریاست و سماج دشمن عناصر کی نشاندہی کریں۔ بجلی چوری کی اطلاع دینے والے شہریوں کے نام اور کوائف صیغۂ راز میں رکھے جائینگے۔ اس نوعیت کی اطلاع دینے کے لئے مخصوص ہیلپ لائن کا اعلان جلد کیا جائیگا۔

میٹر نصب نہ ہونے یا خراب ہونے کی صورت میں محکمۂ برقیات کے نزدیک ترین دفتر یا حکام سے فوری رابطہ کریں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم سستی بجلی کا ذمے داری کے ساتھ استعمال یقینی نہ بنا سکے تو یہ خراب صورتحال مزید ابتر ہوتی چلی جائیگی۔ جس کے نتیجے میں معزز صارفین کیلئے بجلی کے موجودہ انتہائی ارزاں نِرخوں پر مجبوراً نظر ثانی کرنا پڑے گی اور انہیں طلب ورسد کے اصولوں کے مطابق طے کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ آزادکشمیر میں عوام کو 3روپے فی یونٹ بجلی میسر ہے جس پر طلب میں اضافہ ہوا ہے اور محکمہ برقیات پہلے بھی تعاون کی اپیل کرچکا ہے۔

Scroll to Top