ڈی جی آئی ایس پی آر کی طلبہ کے ساتھ نشست، نوجوانوں کو ڈیجیٹل محاذ پر قومی کردار کا شعور دیا گیا

راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر نے ونٹر انٹرن شپ پروگرام 2026 میں شریک طلبہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں شرکت کی، جس میں قومی سلامتی، داخلی و خارجی چیلنجز اور نوجوانوں کے کردار پر تفصیلی اور واضح گفتگو کی گئی۔

طلبہ نے اس موقع پر کہا کہ معرکہ حق کے دوران جس طرح پاک فوج نے دشمن کے خلاف جرأت اور استقامت کا مظاہرہ کیا، اسی طرح آج کے دور میں نوجوانوں کو ڈیجیٹل محاذ پر دشمن کے پروپیگنڈے اور منفی بیانیے کے خلاف مضبوطی سے کھڑا ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی ہر معلومات کو بغیر تصدیق قبول نہ کرنا اور مستند ذرائع سے جانچنا ہر باشعور شہری کی ذمہ داری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈی جی آئی ایس پی آر کی کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں خصوصی نشست

طلبہ نے بتایا کہ اس نشست کے بعد حق اور باطل میں فرق مزید واضح ہوگیا اور قومی معاملات پر ان کی فہم میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فتنۃ الہند اور فتنۃ الخوارج کے خلاف سب سے مؤثر ہتھیار شعور، تحقیق اور سچائی پر مبنی بیانیہ ہے۔

نشست کے اختتام پر طلبہ نے عزم ظاہر کیا کہ وہ ڈیجیٹل محاذ پر پاکستان کے مثبت بیانیے کے محافظ بن کر قومی مفادات کے دفاع میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: دہشتگردوں کی پاکستان میں دراندازی کے پیچھے طالبان حکومت بڑی سہولت کار ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی نوجوانوں کی ذمہ داری، شعور اور قومی مفادات کے تحفظ پر زور دیا اور کہا کہ ملک کے ہر شہری، خصوصاً نوجوان، کو ملکی سلامتی اور مثبت بیانیے کے فروغ میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔

Scroll to Top