مظفرآباد( کشمیر ڈیجیٹل) بلدیاتی نمائندوں کو یقین دہانی کے باوجود آزادکشمیر حکومت نے بلدیاتی ایکٹ میں ترمیم کیلئے اسمبلی اجلاس نہ بلایا جس پربلدیاتی نمائندوں نے آج سڑکوں پر اجلاس بلانے کے فیصلے پر عملدرآمد کا اعلان کردیا ہے۔
چیئرمین ضلع کونسل پونچھ وفوکل پرسن بلدیاتی نمائندگان سردار جاوید شریف ایڈووکیٹ نے کہا ہےکہ رابطہ کمیٹی نے مشاورت سے فیصلہ کیا ہے کہ آج 21 فروری کو آزادکشمیر بھر میں طے شدہ پروگرام کے مطابق احتجاج کیا جائیگا۔
فوکل پرسن کے مطابق جہاں موسم خوشگوار ہووہاں سڑکوں پر اجلاس ہونگے ، برفباری اور بارش ہوئی تو دفاتر میں اجلاس ہوں گے اور لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ 25 فروری کو لانگ مارچ کے حوالےسے آج راولپنڈی میں رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوگا جس میں قانونی ماہرین تمام قانونی وآئینی پہلوئوں کا جائزہ لے کر حکمت عملی طے کی جائیگی۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں ہائیکورٹ کے فیصلہ پر اظہار تشکر کی قرارداد بھی پیش کی جائیگی اور اسمبلی اجلاس نہ بلانے پر احتجاج کیا جائیگا۔
سردار جاوید شریف نے کہا بلدیاتی نمائندگان کی تحریک کامیابی کی طرف جا رہی ہے ، اتحاد واتفاق سے ہی ہم اپنے منزل تک پہنچیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بلدیاتی نمائندوں کے مظفرآباد کنونشن کے بعد وزراء نے بلدیاتی نمائندوں کو مذاکرات میں یقین دہانی کرائی تھی کہ اسمبلی اجلاس بلا کر بلدیاتی ایکٹ1990 میں ترمیم کی جائے گی
وزراء کی یقین دہانی پر بلدیاتی نمائندوں نے احتجاج موخر کرنے کاعندیہ دیا تھا لیکن حکومت کی طرف سے اسمبلی اجلاس نہ بلائے جانے پر آج بلدیاتی نمائندوں کا سڑکوں پر اجلاس ہوگا۔
بلدیاتی نمائندوں نے25 فروری کو آزادکشمیر بھر سے دارالحکومت مظفرآباد کی طرف مارچ اور اسمبلی کے گھیرائو کا بھی اعلان کررکھا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسمبلی اجلاس نہ بلانے پر بلدیاتی نمائندگان کا احتجاجی تحریک جاری رکھنے کا اعلان