ملک کے بالائی علاقوں کو 21 سے 24 جنوری کے دوران ایک طاقتور مغربی لہر متاثر کریگی جس کے سبب ندی نالوں میں بہاؤ بڑھ سکتا ہے۔
این ڈی ایم اے کے الرٹ کے مطابق آزادکشمیر کے علاوہ صوبہ خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں سوات، چترال، بنیر، شانگلہ، لوئر اور اپر دیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مردان، صوابی، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، تورغر، ہری پور، کولائی پاس کوہستان اور آزاد کشمیر میں موسلادھار بارش اور برفباری سے فلیش فلڈ کا خطرہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے کے پی اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے اور حساس مقامات کی نگرانی کی ہدایت کی ہے۔
گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے چترال، کالام، مالم جبہ، پٹن کوہستان اور دیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ریکارڈ ہوئی۔ بارش و برفباری سے کالام، مالم جبہ اور پاراچنار میں درجہ حرارت منفی 4 ریکارڈ کیا گیا۔
لواری ٹنل روڈ پر ٹریفک حسب معمول جاری ہے، انتظامیہ نے سنو چین کے استعمال کی ہدایت کر دی۔
دوری جانب، پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق مری، گلیات اور قرب و جوار میں شدید بارش و برفباری کی پیشگوئی ہے، 23 جنوری تک مری اور گردونواح میں برفباری کے امکانات ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق مری میں سیاحوں کی سہولیات کے لیے 13 فسیلیٹیشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، سیاحوں سے گزارش ہے کہ سفر سے پہلے موسم کی صورتحال کا جائزہ لیں۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ناگہانی آفت سے بچنے کے لئے انتظامیہ 24 گھنٹے الرٹ رہے، ضلعی انتظامیہ سیاحوں کی رہنمائی اور تحفظ کے لئے موجود رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر: بارش، برفباری،ایس ڈی ایم اے کی ایڈوائزری جاری
ادھر سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی مظفر آباد کی جانب سے موسمیاتی ایڈوائزی جاری کردی گئی ہے ۔
ایس ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں شدید بارشوں اور برف باری کا سلسلہ شروع ہوتے ہی آزادکشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
ایس ڈی ایم کے کے مطابق نیلم ویلی سیاحتی علاقہ ہے جہاںبیرون آزاد کشمیر سے لاکھوں کی تعداد میں سیاح ہر سال ان سیاحتی مقامات کو دیکھنے کیلئے آتے ہیں۔
دوران بارش اور برف باری سیاحوں کی رہنمائی و محفوظ سفر کو یقینی بنانے اور عوام الناس کی جان و مان کے تحفظ کیلئے بذیل ہدایات ،احتیاطی تدابیر پر عملدرآمدکو یقینی بنایا جانا ضروری ہے۔
ایس ڈی ایم کے مطابق دوران بارش برف باری سیاح حضرات، مقامی افراد کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔
سیاح حضرات کو پابند کیا جائے کہ وہ دوران بارش برف باری رات کے اوقات کار میں سفر سے گریز کریں۔
ایسے سیاح جن کے پاس چھوٹی گاڑیاں ہیں برف باری ہونے کے بعد اُن کو بالائی نیلم ویلی میں چھوٹی گاڑیاں لے جانے سے روکا جائے۔




