چکار/مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) فوڈ اتھارٹی جہلم ویلی اور تحصیل انتظامیہ چکار کی مشترکہ کارروائی، مین بازار چکار میں قائم فوڈ پوائنٹس پر اشیائے خوردونوش کے معیار اور صفائی ستھرائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی مدد سے دودھ، جوسز اور آئل کے نمونہ جات موقع پر ہی جدید سائنسی آلات کے ذریعے ٹیسٹ کیے گئے جبکہ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر تاجروں کو جرمانے جبکہ غیر رجسٹرڈ اشیاء ضبط کر لی گئیں ۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر چکار شیخ ارشد محمود، اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسرز قاضی شفیق الرحمن اور سید محب علی نقوی نے ہمراہ فوڈ ٹیکنالوجسٹ انیلہ عباسی چکار بازار میں قائم ہوٹلز، کریانہ و جنرل سٹورز، دودھ و مشروبات فروش پوائنٹس اور بیکری کارخانوں کا معائنہ کیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پٹہکہ ،فوڈ اتھارٹی مظفرآباد ان ایکشن،ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ہوٹل سیل
اس دوران فوڈ ہینڈلنگ، ملازمین کی ذاتی صفائی، کچن ایریاز، برتنوں کی صفائی، اشیائے خوردونوش کا محفوظ ذخیرہ، ایکسپائری ڈیٹس اور لائسنسنگ کی جانچ پڑتال کی گئی، غیر معیاری اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے فوڈ بزنس آپریٹرز کو موقع پر ہی جرمانے عائد کرتے ہوئے سختی سے ہدایات جاری کی گئیں کہ آئندہ فوڈ سیفٹی قوانین پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔
تحصیل انتظامیہ اور فوڈ اتھارٹی حکام نے واضح کیا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، انتظامیہ اور فوڈ اتھارٹی کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ اس طرح کی مشترکہ کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی جبکہ شہری کسی بھی شکایت یا غیر معیاری خوراک کی اطلاع فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1280 پر دے سکتے ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد فوڈ اتھارٹی کافوڈ پوائنٹس کا معائنہ، غیر معیاری آئل اور برتن تلف




