وادی نیلم میں کمسن بچی کو اغواء کرکے زیادتی کا نشانہ بنانے والے مجرم کو سیشن عدالت نیلم نے عمر قید کے علاوہ 7 سال قید اور 20لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی ہے۔
سیشن عدالت نیلم نے 3 ماہ کے اندر فیصلہ سنایا جس کوعوام کی طرف سے بھرپور سراہا جا رہا ہے۔
سیشن عدالت نے مجر م جہانگیر رانا کو Azad Penal Code کی دفعات 377-A اور 365 کے تحت عمر قید، 20 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ اغواء کے جرم میں مزید 7 سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنا دی ہے۔
یاد رہے کہ کمسن بہنیں اپنی خالہ کے گھر جا رہی تھیں کہ درندہ صفت جہانگیر رانا نے نیلم سے اغواء کیا اور مظفر آباد ہوٹل پر لے آیا جہاں اس نے 13 سالہ بچی کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایااور پھر بہنوں کو واپس چھوڑ دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: وادی نیلم سے کمسن بہنوں کا اغواء،56سالہ ملزم کا 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
کچھ لوگوں نے معاملے کو مقامی طور پر ’ جرگے’ کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی تھی مگر پولیس کو جب بچیوں کی واپسی کی خبر ملی تو وہ انہیں تھانے لے آئی اور متاثرہ لڑکی سے ملزم کی شناخت اور ہوٹل کے بارے میں اہم معلومات حاصل کیں۔
ڈاکٹر نے رپورٹ میں ’ بے رحمانہ ریپ’ کی تصدیق کی تھی،پولیس تھانہ اٹھمقام نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کیا تھا ،ڈی ایس پی اٹھمقام نے مقدمہ کی تفتیش کی تھی۔
عدالتی حکم کے بعد مجرم کو سینٹرل جیل راڑہ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں وہ دفعہ 377-A اور 365 اے پی سی کے تحت اپنی سزا کاٹے گا۔
یاد رہے کہ ملزم کو ستمبر میں گرفتار کیا گیا تھا جبکہ واقعہ پر سوشل میڈیا پر بھی شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔




