الیکشن کمیشن آف پاکستان آزادکشمیرمیں شفاف انتخابات کیلئے تعاون فراہم کریگا

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آزادکشمیر کے آمدہ انتخابات کو صاف وشفاف بنانے کیلئے الیکشن کمیشن آزادکشمیرکو بھرپور تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

چیف الیکشن کمشنر پاکستان سلطان سکندر راجہ سے گزشتہ روز آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کے ممبر سید نظیر الحسن گیلانی نےملاقات کی۔ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی الیکشن اکیڈمی میں آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کے آفیسرز وعملہ کی تربیت کا اہتمام کیا جائیگا۔

ملاقات میں پاکستان الیکشن اکیڈمی میں آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے آفیسران و عملہ کیلئے مختصر دورانیہ کے تربیتی کورس شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

ممبر الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کی تجویز پر آزاد کشمیر الیکشن کمیشن سے قریبی رابطے کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سینئر آفیسر کو بطور فوکل پرسن نامزد کرنے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اہم اجلاسوں میں آزاد کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر اور ممبرز کو بطور مبصر مدعو کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

ملاقات میں آزاد کشمیر میں آئندہ سال ہونے والے انتخابات کو صاف و شفاف بنانے کیلئے مہاجرین مقیم پاکستان کی انتخابی فہرستوں کی صرف ریاستی باشندگان پر مشتمل تصدیقی کمیٹیوں کی ہی سفارشات پر کی جانے والی بر وقت تیاری اور اپ گریڈیشن جموں و متاثرین منگلا ڈیم کی کیٹیگریز کے درست تعین اور اس مقصد کیلئے رجسٹریشن آفیسرز کے کردار کو زیادہ موثر بنانے اور ہر دو کمیشنزکے باہمی روابط کو بڑھانے کیلئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں چیف الیکشن کمشنر پاکستان نے آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات کو شفاف بنانے کے ضمن میں آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔

یاد رہے کہ اس وقت آزادکشمیر میں چیف الیکشن کمشنر کی نشست خالی ہے ، حکومت اور اپوزیشن میں ابھی تک کسی شخصیت پر اتفاق نہیں ہوسکا۔

یہ بھی پڑھیں:شوکت نواز میر کا بڑا تہلکہ، ایکشن کمیٹی سیاست میں انٹری کیلئے تیار۔۔ حتمی مشاورت جاری

 

Scroll to Top