عمر بڑھنے کیساتھ جسمانی فٹنس اور طاقت میں کمی ایک فطری عمل سمجھا جاتا ہے، تاہم یہ کمی کس عمر سے شروع ہوتی ہے، اس حوالے سے اب تک واضح شواہد موجود نہیں تھے۔ اب ایک نئی سائنسی تحقیق میں اس عمر کا تعین کر لیا گیا ہے جس کے بعد جسمانی کارکردگی میں تنزلی کا آغاز ہو جاتا ہے ۔
سویڈن کے معروف طبی تحقیقی ادارے کیرولینیسکا انسٹیٹیوٹ کی جانب سے کی گئی اس تحقیق کے مطابق انسان میں 35 سال کی عمر کے بعد جسمانی فٹنس ، مضبوطی اور مسلز کے حجم میں کمی آنا شروع ہو جاتی ہے ۔
تحقیق میں شامل چند سو افراد کو تقریباً 47 برس تک مسلسل مانیٹر کیا گیا۔ ان افراد کی جسمانی صحت، فٹنس ، طاقت اور پٹھوں کے حجم کا جائزہ بلوغت کے آغاز سے لے کر 63 سال کی عمر تک باقاعدہ اور یکساں طریقے سے لیا جاتا رہا ۔
محققین کے مطابق اس تحقیق کی خاص بات یہ ہے کہ ماضی کی بیشتر تحقیقات میں مختلف ڈیٹا بیسز کا تجزیہ کیا گیا تھا ، جبکہ کسی ایک فرد کو طویل عرصے تک فالو نہیں کیا گیا۔ اس کے برعکس، اس تحقیق میں تقریباً پانچ دہائیوں تک ایک ہی گروپ کی جسمانی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ، جس سے زیادہ مستند نتائج حاصل ہوئے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پنیر، غذائیت اور صحت: روزانہ استعمال کے فوائد اور ممکنہ نقصانات
تحقیق سے معلوم ہوا کہ 35 سال یا اس کے بعد جسمانی فٹنس اور طاقت میں کمی کا عمل شروع ہو جاتا ہے ، چاہے کوئی فرد جوانی میں باقاعدگی سے ورزش ہی کیوں نہ کرتا رہا ہو۔ یہ تنزلی ابتدا میں سست ہوتی ہے مگر عمر بڑھنے کے ساتھ اس کی رفتار تیز ہو جاتی ہے ۔
تاہم تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ اگر کوئی شخص 35 سال کے بعد یا کسی بھی عمر میں ورزش اور جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنا لیتا ہے تو اس سے جسمانی تنزلی کے عمل کو نمایاں طور پر سست کیا جا سکتا ہے ۔
محققین کا کہنا ہے کہ اگرچہ جسمانی تنزلی کو مکمل طور پر روکنا ممکن نہیں ، مگر ورزش اور متحرک طرزِ زندگی اپنا کر اس کے اثرات کو کافی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق کسی بھی عمر میں جسمانی سرگرمی شروع کرنا فائدہ مند ثابت ہوتا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سر درد علاج کا بھیانک انجام، روایتی عقیدے نے خاتون کوآئی سی یو پہنچا دیا
اس تحقیق پر کام ابھی جاری ہے اور اب اس میں شامل افراد کی صحت اور جسمانی کارکردگی کا مزید پانچ سال تک جائزہ لیا جائے گا ۔ محققین کو امید ہے کہ اس اضافی ڈیٹا سے عمر کے ساتھ جسمانی تبدیلیوں کو مزید بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملے گی ۔




