لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے پی ایس ایل کے گورننگ کونسل اجلاس میں کھلاڑیوں کے معاوضے بڑھانے کے لیے بھرپور وکالت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ٹیموں کی مارکیٹ ویلیو میں اضافے کے بعد اب کھلاڑیوں کے معاوضوں میں بھی اضافہ ہونا چاہیے۔
ذرائع کے مطابق گورننگ کونسل اجلاس میں محسن نقوی نے ٹیم مالکان کو مشورہ دیا کہ وہ کھلاڑیوں کے معاوضوں پر نظر ثانی کریں تاکہ کھلاڑیوں کو بھی ان کے کردار کے مطابق فائدہ پہنچے۔ چیئرمین نے کہا کہ لیگ کی ترقی اور مالی استحکام کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کے معاوضے بھی بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان سپر لیگ کی مقبولیت اور معیار دونوں بلند رہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شاہد آفریدی کی کراچی سے اسلام آباد مستقل منتقلی، وجہ سامنے آگئی
ذرائع نے مزید بتایا کہ اجلاس میں محسن نقوی نے ٹیموں کی طرح کھلاڑیوں کی بھی آکشن کروانے کی تجویز دی اور کہا کہ پی ایس ایل 11 کے ڈرافٹ میں کھلاڑیوں کی آکشن کرا کر ٹیمیں اپنی مرضی سے کھلاڑی منتخب کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے کھلاڑیوں کو بھی فائدہ ہوگا اور لیگ میں شفافیت اور مسابقت کا عنصر بھی برقرار رہے گا۔
چیئرمین نے دو نئی ٹیموں کو کھلاڑی چننے کے یکساں مواقع دینے پر بھی زور دیا، تاکہ نئی ٹیمیں پرانی ٹیموں کے مقابلے میں برابر مواقع حاصل کر سکیں۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں پرانی ٹیموں کی جانب سے کھلاڑیوں کی ری ٹینشن پر بھی بحث متوقع ہے، تاکہ تمام ٹیمیں منصفانہ اور متوازن طریقے سے کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کر سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ 2025ء کی ٹرافی کہاں ہے؟ محسن نقوی نے بتادیا
گزشتہ روز محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں 8 فرنچائز، پی سی بی اور پی ایس ایل حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کے مالکان کو خوش آمدید کہا گیا اور نئی ٹیموں کی کامیاب نیلامی پر محسن نقوی اور پی ایس ایل ٹیموں کو مبارکباد دی گئی۔
اس اجلاس کے فیصلے اور تجاویز لیگ میں شفافیت، کھلاڑیوں کے معاوضے میں بہتری اور نئی ٹیموں کے مساوی مواقع کے لیے اہم پیش رفت تصور کی جا رہی ہیں، جس سے پی ایس ایل 11 کی تیاریوں کو بھی تقویت ملے گی۔




