بارش ، برفباری

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ چند روز کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے موسمی صورتحال سے متعلق تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک فعال سلسلہ ملک میں داخل ہو چکا ہے جو 19 جنوری تک برقرار رہے گا، جبکہ 20 جنوری سے اس سسٹم کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔مزید یہ کہ 21 جنوری سے یہ موسمی نظام ملک کے بیشتر علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا، جس کے باعث مختلف شہروں اور علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 19 جنوری تک کشمیر ، گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ ہلکی سے درمیانی برفباری کا امکان ہے۔ اسی دوران موسم سرد اور مرطوب رہنے کی توقع بھی ظاہر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: محکمہ موسمیات کی بارش، آندھی اور برفباری سے متعلق نئی پیشگوئی

مزید بتایا گیا ہے کہ 18 سے 20 جنوری کے دوران مری، گلیات اور قریبی علاقوں میں بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ جبکہ 20 سے 23 جنوری کے دوران گلگت بلتستان، کشمیر، اسلام آباد، مری، گلیات، خطہ پوٹھوہار، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، ساہیوال، ملتان، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن کے اضلاع میں بارش متوقع ہے۔

اسی طرح پشاور، ہزارہ، مالاکنڈ، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے اضلاع میں بھی اکثر مقامات پر وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 20 جنوری کی رات سے 23 جنوری کے دوران مری، گلیات، چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، وادی نیلم، باغ، حویلی اور راولا کوٹ میں شدید برفباری ہونے کی توقع ہے۔

ادھر 21 اور 22 جنوری کے درمیان بلوچستان جبکہ 22 اور 23 جنوری کے دوران سندھ کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس دوران کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی اور ژوب میں درمیانی سے شدید برفباری متوقع ہے۔

Scroll to Top