سیالکوٹ

سیالکوٹ انٹر نیشنل ائیرپورٹ پر آزادکشمیر کے باشندوں کے لیے علیحدہ کاؤنٹر قائم

میرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے ۔

سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آزاد جموں و کشمیر کے رہائشیوں کے لیے باقاعدہ طور پر علیحدہ امیگریشن کاؤنٹر قائم کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے مسافروں کو سفری سہولیات فراہم کرنا اور ان کے امیگریشن سمیت دیگر سفری امور کو آسان بنانا ہے ۔

اس اہم اقدام کو آزاد کشمیر کے عوام کے لیے ایک بڑی سہولت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ ماضی میں مسافروں کو امیگریشن کے مراحل کے دوران مختلف مشکلات اور طویل انتظار کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ علیحدہ کاؤنٹر کے قیام سے نہ صرف وقت کی بچت ممکن ہو گی بلکہ مسافروں کو بہتر اور منظم سہولیات بھی میسر آئیں گی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:محمود خان اچکزئی قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر، 5 ماہ بعد خلاء ختم

میرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام آزاد کشمیر کے عوام کے دیرینہ مطالبے کی تکمیل ہے۔ چیمبر نے سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس سہولت کے قیام میں تعاون کیا ۔

آزاد کشمیر کے مسافروں اور مختلف سماجی حلقوں کی جانب سے بھی اس اقدام کا خیرمقدم کیا گیا ہے اور اسے عوامی فلاح کے لیے ایک مثبت پیشرفت قرار دیا گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس سہولت سے نہ صرف بیرون ملک سفر آسان ہو گا بلکہ آزاد کشمیر کے شہریوں کو ایک الگ شناخت اور احترام بھی حاصل ہو گا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:اسمارٹ فونز کی بڑھتی قیمتیں، چینی کمپنیوں نے بھی پالیسی تبدیل کر دی

واضح رہے کہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بڑی تعداد میں آزاد کشمیر کے مسافر بیرون ملک سفر کرتے ہیں، جس کے پیش نظر علیحدہ کاؤنٹر کا قیام ایک بروقت اور قابلِ تحسین اقدام ہے ۔

Scroll to Top