اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے محمود خان اچکزئی کو باقاعدہ طور پر اپوزیشن لیڈر مقرر کر دیا ہے۔ جس کا نوٹیفکیشن آج 16 جنوری 2026 کو اپوزیشن رہنماؤں کے حوالے کیا گیا۔ اس فیصلے کے ساتھ قومی اسمبلی میں 5 ماہ اور 9 دن بعد اپوزیشن لیڈر کے عہدے کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق 7 اگست 2025 سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی نشست خالی تھی، جس کی وجہ سے ایوان میں متعدد بار ہنگامے اور احتجاج دیکھنے کو آئے ۔ اپوزیشن کی جانب سے بار بار یہ مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ قائد حزب اختلاف کی غیر موجودگی سے ایوان کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کی نئے میثاق جمہوریت کی پیشکش، حکومت کا ردعمل آگیا
اس صورتحال کے پیش نظر سپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن کے ساتھ متعدد مشاورتی اجلاس کیے اور یہ یقینی بنایا کہ اپوزیشن لیڈر کا انتخاب قواعد اور اصولوں کے مطابق ہو۔ اپوزیشن کی جانب سے بار بار احتجاج اور ایوان میں قائد حزب اختلاف کی غیر موجودگی کے حوالے سے سوالات اٹھائے گئے، جس پر اسپیکر نے غور و فکر کے بعد محمود خان اچکزئی کو اس اہم عہدے کے لیے منتخب کیا ۔
محمود خان اچکزئی بلوچستان سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ ایک اہم سیاسی شخصیت ہیں۔ ان کی تقرری سے اپوزیشن میں اتحاد اور نیا جذبہ پیدا ہونے کی توقع ہے، اور یہ امید کی جا رہی ہے کہ اس سے اپوزیشن اور حکومت کے درمیان بات چیت اور پارلیمانی عمل مزید مؤثر ہوگا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عطاءاللہ تارڑ نے عشرت فاطمہ کو پی ٹی وی میں شمولیت کی پیشکش کر دی
اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اب وہ پارلیمانی مسائل ، ایوان کی کارروائیوں، اور حکومت کی پالیسیوں پر مؤثر طریقے سے سوال اٹھا سکیں گے ۔ یہ اقدام ملکی جمہوری عمل کے مضبوط ہونے اور قومی اسمبلی کے فرائض کی انجام دہی کے لیے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس تقرری سے نہ صرف اپوزیشن کو واضح قیادت ملے گی بلکہ ایوان میں قانونی اور سیاسی امور پر توجہ مرکوز کرنے میں بھی مدد ملے گی ۔




