اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا ءاللہ تارڑ نے پاکستان کی معروف نیوز اینکر اور براڈکاسٹر عشرت فاطمہ کو پی ٹی وی میں شمولیت کی پیشکش کی ہے ۔ عشرت فاطمہ نے حال ہی میں ریڈیو پاکستان کے ساتھ اپنے 45 سالہ طویل کیریئر کا اختتام کیا ہے ۔
وزیر اطلاعات نے عشرت فاطمہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ پیشہ ورانہ انداز میں کام کرتی رہی ہیں اور ان کا سیاست سے کبھی تعلق نہیں رہا ۔ انہوں نے کہا کہ عشرت فاطمہ پی ٹی وی کی پہچان ہیں اور ان سے درخواست کی کہ بطور مینٹور سرکاری چینل میں آئیں ۔
عشرت فاطمہ نے وزیر اطلاعات کی جانب سے عزت افزائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ محبت اور حوصلہ افزائی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران پیشہ ورانہ محنت، شوق اور جذبے کے بارے میں بھی بات کی اور بتایا کہ نیوز پڑھنا ان کے لیے صرف کام نہیں بلکہ ایک فن، عشق اور جنون رہا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان کے سینئر ٹینس کھلاڑی طلحہ وحید نے گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا
انہوں نے بتایا کہ ریڈیو پاکستان میں انہیں ہمیشہ میرٹ کے باوجود وہ مقام نہیں ملا جس کی وہ حق دار تھیں اور یہی وجہ تھی کہ انہیں ریڈیو پاکستان چھوڑنے کا فیصلہ کرنا پڑا۔ عشرت فاطمہ نے اپنے مداحوں کو یقین دلایا کہ وہ منظر سے مکمل طور پر غائب نہیں ہوں گی اور موبائل یا دیگر ذرائع کے ذریعے اپنے تجربات اور یادیں شیئر کرتی رہیں گی ۔
عشرت فاطمہ کو ان کی خدمات کے اعتراف میں پرائیڈ آف پاکستان اور تمغۂ امتیاز سے نوازا جا چکا ہے ۔ وہ پاکستان ٹیلی ویژن کے مشہور اردو نیوز بلیٹن’’خبربنامہ‘‘ کی سابق میزبان بھی رہ چکی ہیں اور ریڈیو پاکستان میں کھیل اور خبریں پڑھنے کے شعبے میں اپنی شاندار خدمات کے لیے جانی جاتی ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:امریکی پابندیوں میں اضافے کے بعد ہندوستان کا چابہار بندرگاہ سے انخلاء
عشرت فاطمہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی رہائشی ہیں، معروف صحافی وقار انبالوی کی بیٹی اور دو بچوں کی ماں بھی ہیں ۔




