کراچی (کشمیر ڈیجیٹل نیو) پاکستان کے سینئر ٹینس کھلاڑی طلحہ وحید نے ایک منفرد عالمی کارنامہ انجام دیتے ہوئے گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا ۔
طلحہ نے صرف ایک منٹ میں 59 کامیاب ٹینس سروسز کر کے سابقہ ریکارڈ کو توڑ دیا، جو 2019 میں قائم ہونے والے 42 سروسز کا تھا۔ یہ کامیابی نہ صرف ان کی ذاتی محنت اور لگن کی عکاس ہے بلکہ پاکستانی کھیلوں، خصوصاً سینئر ایتھلیٹس کی صلاحیتوں اور عزم کا بھی مظہر ہے ۔
یہ ریکارڈ 8 نومبر 2024 کو لاہور میں قائم کیا گیا، جہاں طلحہ نے محنت ، توجہ اور تکنیکی مہارت کے ساتھ یہ منفرد کارنامہ انجام دیا ۔ ان کی اس کوشش کو عالمی سطح پر تسلیم کرتے ہوئے گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے انہیں لندن میں منعقدہ خصوصی تقریب میں سرٹیفکیٹ بھی پیش کیا گیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بی سی بی کا بڑا فیصلہ،چیئرمین فنانس کرکٹ بورڈ عہدے سے فارغ
یہ سرٹیفکیٹ نہ صرف طلحہ وحید کی انفرادی کامیابی کی تصدیق کرتا ہے بلکہ پاکستان کے کھیلوں کے شعبے کے لیے بھی فخر کا باعث ہے ۔
کامیابی کے بعد طلحہ وحید نے کہا کہ یہ ریکارڈ ان کی ذاتی محنت اور تربیت کا نتیجہ ہے، اور انہوں نے اپنے کوچ، پاکستان ٹینس فیڈریشن اور ساتھی کھلاڑیوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کارنامہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے تحریک اور حوصلہ افزائی کا باعث بھی بن سکتا ہے ۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی نے ان کی اس کامیابی کو نہایت اہم اور پاکستان میں ٹینس کے فروغ کے لیے باعث فخر قرار دیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی رینکنگ: ویرات کوہلی کی 4 سال بعداپنی پوزیشن پر واپسی
ان کا کہنا تھا کہ طلحہ وحید کی یہ عالمی کامیابی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مشعل راہ ہے اور انہیں محنت، لگن اور عزم کے ساتھ کھیلوں میں آگے بڑھنے کی ترغیب دے گی ۔




