باغ (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور اور چیف سیکرٹری کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دھیرکوٹ سید کلیم عباس نے یو سی چیڑالہ میں عوامی مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا ۔ اس موقع پر سب ڈویژنل افسران بھی موجود تھے اور مختلف یوسیز کے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
کھلی کچہری میں یو سی ساہلیاں، یو سی چیڑالہ، یو سی مکھیالہ سمیت دیگر علاقوں کے شہریوں نے اپنے مسائل براہِ راست افسران کے سامنے رکھے ۔ شہریوں کی جانب سے مسائل میں بنیادی سہولیات، ترقیاتی کاموں کی تکمیل، پانی ، بجلی اور سڑکوں کی بہتری سے متعلق درخواستیں شامل تھیں ۔
اسسٹنٹ کمشنر اور موجودہ افسران نے موقع پر مسائل سننے کے بعد فوری طور پر ہدایات جاری کیں اور متعدد معاملات کے حل کے لیے کمیٹیاں قائم کرنے کے ساتھ ٹائم فریم کے اندر رپورٹس پیش کرنے کے احکامات بھی دئیے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کوٹلی: ڈپٹی کمشنر کی کھلی کچہری، عوامی مسائل پرمتعدد احکامات جاری
عوامی حلقوں نے کھلی کچہری کے اس اقدام کو انتہائی سراہا اور اسے شفافیت اور عوامی خدمت کی بہترین مثال قرار دیا ۔ شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنے دفتر سے باہر آ کر عوام کے درمیان آ کر ان کے مسائل سنے اور فوری اقدامات کیے ۔
اس موقع پر افسران نے یقین دہانی کرائی کہ تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور کمیٹیوں کی رپورٹس کے مطابق منصوبہ بندی مکمل کی جائے گی ۔
اس اقدام کو آزاد کشمیر میں حکومت کی عوامی فلاح اور شفاف انتظامیہ کی طرف ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے ، جس سے عوام اور حکومت کے درمیان اعتماد اور رابطے کو مزید مستحکم ہونے کا موقع ملے گا ۔



