مشعال ملک نے پاکستانی عوام ، تاجروں سے بڑا مطالبہ کردیا

راولپنڈی:کشمیری حریت راہنما یاسین ملک کی اہلیہ اور تنظیم برائے امن و ثقافت کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی تاریخ لازوال قربانیوں، شہادتوں اور استقلال سے عبارت ہے اور یہی قربانیاں تحریکِ آزادی کشمیر کی اصل طاقت ہیں۔

جمعرات کو کالج روڈراولپنڈی میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے مشعال حسین ملک نے کہا کہ لاکھوں کشمیریوں نے آزادی کی جدوجہد میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے، ان کے کٹے ہوئے ہاتھ اور بہایا گیا خون اس تحریک کو زندہ رکھنے کا سبب بنا۔

انہوں نے کہا کہ 15 جنوری ان کے لیے ایک انتہائی دردناک مگر حوصلہ افزا دن ہے کیونکہ ایک برس قبل اسی دن ان کی والدہ کو زہر دے کر شہید کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ ایک شہید ماں کی بیٹی اور غازی و مجاہد یاسین ملک کی اہلیہ ہیں، جو آج بھی تہاڑ جیل میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: یاسین ملک کی جان لینے کی کوشش ہوئی تو دھماکا ہوگا ، مشعال ملک

مشعال حسین ملک نے کہا کہ وہ آج ایک غازی کی اہلیہ، شہید والدہ کی بیٹی اور کشمیری عوام کی نمائندہ کی حیثیت سے بات کر رہی ہیں اور پوری قوت کے ساتھ اعلان کرتی ہیں کہ آزادی کشمیر کی جدوجہد ہر صورت جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ ظلم و جبر، قید و بند اور شہادتیں کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں بلکہ یہ قربانیاں عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

انہوں نے تاجروں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور ہر ممکن سطح پر حمایت جاری رکھیں۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ عالمی برادری پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

Scroll to Top