اسلام آباد: آزادکشمیر حکومت نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ کئے گئے معاہدہ پر عملدرآمد کرتے ہوئے محکمے ختم کرنے کے بعد 7سیکرٹریز کی اسامیاں ختم کردی ہیں۔
پی آئی ڈی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کا بینہ کے اجلاس میں کئے گئے فیصلہ کی روشنی میں انتظامی مفاد کے پیش نظر انتظامی محکموں کو ختم کرتے ہوئے سیکرٹریزکی اسامیاں ختم کردی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مہاجرین جموں و کشمیر کا عوامی ایکشن کمیٹی کے فیصلوں پر سخت ردِ عمل
سیکرٹری ٹرانسپورٹ،سیکرٹری بہبود آبادی،سیکرٹری ڈیزاسٹر مینجمنٹ اینڈ سول ڈیفنس،سیکرٹری ٹورازم اینڈ آرکیالوجی، سیکرٹری مذہبی امور و اوقاف،سیکرٹری تحفظ ماحولیات ایجنسی اور سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اسامیاں ختم کی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ حکومت نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے معاہدہ کیا تھا کہ 20محکمے کئے جائیں گے جس کے بعد کئی محکمے ضم کئے گئے تھے اور اب سیکرٹریز کی اسامیاں ختم کردی گئی ہیں۔
یہ بھی یاد رہے کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبہ پر ہی وفاقی حکومت نے آزادکشمیر کیلئے صحت کارڈ کا اجرا بھی کردیا ہے ،16جنوری سے عوام کو علاج کی سہولیات میسر ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: 172 ایف آئی آرز ختم ،عوامی ایکشن کمیٹی کے معاہدے کے زیادہ تر نکات پر عملدرآمد ہو چکا ،وفاقی حکومت
حکومت آزادکشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ کئے گئے معاہدہ پر عملدرآمد کررہی ہے مگر مہاجر نشستوں کے خاتمے اور مہاجرین ممبران کو قائمہ کمیٹیوں میں ایڈجسٹ کرنے پر ڈیڈلاک پیدا ہوا ہے اور ایکشن کمیٹی کے ممبران مذاکرات میں شریک نہیں ہوئے۔




