پیپلزپارٹی ،مسلم لیگ ن مفاداتی گروہ ،سیاسی نہیں فرنچائزجماعتیں،اظہر گیلانی

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)مرکزی ایوانِ صحافت میں پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی پریس کانفرنس، سیاسی عدم استحکام اور عوام دشمن پالیسیوں پر شدید تنقید۔

مرکزی ایوانِ صحافت میں پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید اظہر گیلانی نے میر عتیق الرحمن اور خواجہ شفیق احمد (ڈویژنل جنرل سیکرٹری) کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر گزشتہ چند برسوں سے شدید سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے، جس کی بنیادی وجہ سازشی سیاست، نظریے سے عاری حکومتیں اور عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی آزاد کشمیر حکومت کو اندرونی و بیرونی سازشوں کے ذریعے ختم کیا گیا، جس کے بعد سے آج تک ریاست میں سیاسی استحکام قائم نہیں ہو سکا۔

ہماری حکومت نے عمران خان کے ویژن کے مطابق عوامی فلاح،منصوبہ بندی، اور ترقیاتی منصوبہ بندی کا آغاز کیا تھا، مگر اسے دانستہ طور پر ناکام بنایا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے راجہ ظفر الحق کی عیادت کی

سید اظہر گیلانی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے 25 سے زائد منتخب اراکین کو توڑ کر پارٹی کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی مگر اللہ کے فضل و کرم سے پارٹی نے خود کو دوبارہ منظم کیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے سردار تنویر الیاس کو پارٹی صدارت اور اپوزیشن لیڈر کے عہدے دیئےگئے، میر عتیق الرحمن کو جنرل سیکرٹری نامزد کیا گیا، اور آج تین سال کے مختصر عرصے میں پی ٹی آئی ایک بار پھر ایک مضبوط، منظم اور متحرک جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔

انہوں نے سہیل آفریدی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حقیقی معنوں میں عمران خان کے وفادار کارکن ہونے کا ثبوت دیا۔

پنجاب حکومت کے ناروا سلوک کے باوجود سہیل آفریدی کا کراچی جلسہ اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام آج بھی عمران خان کے نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

20 سال سے حکومت کرنے والی جماعتیں چند دنوں کے نوٹس پر بھی ایسا عوامی اجتماع نہ کر سکیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تاجر جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے عوامی مسائل کو اجاگر کیا،عوامی حقوق کی بات کررہی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف اس کی پشت پر کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب ڈالر سے بڑھ کر 30 ارب ڈالر تک پہنچے، برآمدات 21 ارب ڈالر سے بڑھا کر 41 ارب ڈالر کی گئیں جبکہ موجودہ حکومت نے چند ہی برسوں میں ملک کو تقریباً 100 ارب ڈالر کے قرضے تلے دبا دیا۔

آئیں ،سامنے بیٹھ کر بات کریں،پی ٹی آئی آزادکشمیر کا مخالفین کو مناظرے کا چیلنج

اگر موجودہ حکمران اپنی کارکردگی پر بات کرنا چاہتے ہیں تو عمران خان کے تین سالہ دور پر کھلے مناظرے کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں ایک بھی ڈرون حملہ نہیں ہوا۔ جبکہ ماضی کی حکومتوں میں سینکڑوں ڈرون حملے ہوئے جن میں ہزاروں بے گناہ شہری جاں بحق ہوئے۔

آزاد کشمیر کی موجودہ سیاست پر بات کرتے ہوئے سید اظہر گیلانی نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو ”نظریہ سے عاری مفاداتی گروہ“ قرار دیا اور کہا کہ یہ سیاسی جماعتیں نہیں بلکہ اپنے آقاؤں کی فرنچائز ہیں، جو اقتدارکیلئے بار بار نظریات بدلتی ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مرکزی رہنمامسلم کانفرنس سردار لطیف عباسی انتقال کرگئے،اوورسیز کشمیریوں کا اظہارافسوس

انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں عوام نے نظریے کو ووٹ دیا مگر بعد ازاں انہی ووٹوں کی توہین کی گئی۔ آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کسی الیکٹیبل یا جوڑ توڑ کی سیاست نہیں کرے گی بلکہ عمران خان کے نظریے پر کھڑے کارکنوں کو آگے لایا جائے گا۔

پارٹی اپنی سابقہ سیاسی غلطیوں کا اعتراف کرتی ہے اور اس بار صرف نظریاتی، باکردار اور عوام دوست قیادت کو میدان میں اتارا جائے گا۔

پریس کانفرنس کے دوران ہڑتالوں اور عوامی ایکشن کمیٹی کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ہمیشہ عوامی حقوق کی جدوجہد میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔

عمران خان نے جیل میں ہونے کے باوجود عوامی حقوق کے تحفظ کی جدوجہد جاری رکھنے کی ہدایات دی ہیں۔ سید اظہر گیلانی نے کہا کہ آنے والے دن آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک فیصلہ کن موڑ ثابت ہوں گے۔

پی ٹی آئی نوجوانوں میں شعور بیدار کرے گی، ہر منافق چہرے کو بے نقاب کرے گی، اور عوام کے سامنے واضح سوال رکھے گی کہ گزشتہ چار برسوں میں صحت، تعلیم، روزگار، خواتین اور نوجوانوں کیلئے کیا کیا گیا؟

انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ پاکستان تحریک انصاف پوری طاقت کے ساتھ انتخابی میدان میں اترے گی اور آزاد کشمیر کے عوام ایک بار پھر عمران خان کے نظریئے پر اعتماد کا اظہار کریں گے۔

Scroll to Top