اسلام آباد: کابینہ ڈویژن نے اکتوبر تا دسمبر 2025 کی سہ ماہی کا توشہ خانہ ریکارڈ جاری کردیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ تمام موصولہ تحائف وصول کنندگان نے توشہ خانہ میں جمع کروادیے ہیں۔ وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کا یہ تازہ ریکارڈ عوام کے لیے بھی دستیاب کردیا ہے۔
کابینہ ڈویژن کی دستاویزات کے مطابق، اکتوبر تا دسمبر 2025 کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، فرسٹ لیڈی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر آئی ٹی شزاہ فاطمہ، وزیر بجلی اویس لغاری، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ تحائف وصول کرنے والوں میں شامل رہے۔
اسی طرح معاون خصوصی طارق فاطمی، صدر کے ملٹری سیکرٹری، صدر کے ترجمان مرتضیٰ سلنگی، آڈیٹر جنرل آف پاکستان، وزیر مملکت ریلویز و خزانہ مشرف زیدی، ڈی جی منرلز ڈاکٹر نواز احمد ورک، سیکریٹری اقتصادی امور، سیکریٹری آئی ٹی اور صدر کے اے ڈی سی سمیت دیگر افراد کو بھی تحائف موصول ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: توشہ خانہ ٹو کیس، عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 10۔10 سال قید کی سزا
دستاویزات میں اکتوبر تا دسمبر 2025 میں وصول شدہ تحائف کی تفصیل بھی شامل ہے، جس میں روزہ رسول، خانہ کعبہ، مکہ مکرمہ کے ماڈلز، پینٹنگز، پرفیومز، شیلڈز، کارپٹ، ٹی سیٹ، تلوار، خنجر، گلدان، گھڑیاں، ڈیکوریشن پیسز، سعودی کافی، کتابیں، رائل کیپ، یادگار، ٹیبل واچ، میٹرو بس کا ماڈل، قہوہ پاٹ، شرٹس، میوزیکل انسٹرومنٹس، کمبل، اسکارف اور ٹائی وغیرہ شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم فیصل راٹھور کی صدر بیرسٹر سلطان کی عیادت کیلئے ہسپتال آمد
کابینہ ڈویژن کے مطابق، وصول کنندگان نے تمام تحائف توشہ خانہ میں جمع کروائے اور تحائف کے تخمینہ کا عمل بھی جاری ہے۔ تاہم، جاری شدہ دستاویزات میں تحائف دینے والوں کے نام کا خانہ شامل نہیں کیا گیا، جب کہ گزشتہ مالی سال کی آخری ششماہی (جنوری تا جون 2025) کے ریکارڈ میں تحائف دینے والی غیر ملکی و ملکی شخصیات کے نام موجود تھے۔




