مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)محکمہ زراعت توسیع نے اسلامک ریلیف کے تعاون سے سرکل آفس کہوڑی کو ماڈل سرکل آفس کا درجہ دیدیا۔
اسلامک ریلیف نے سرکل آفس کہوڑی کو جدید زرعی آلات فراہم کر دیئے۔ اس حوالہ سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا
پروگرام کوآرڈینیٹر اسلامک ریلیف آزاد کشمیرڈاکٹر محمد ریاض نے محکمہ زراعت اور اسلامک ریلیف کی مشترکہ زرعی ترقی کی کوششوں کو سراہا
اس امر کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی یہ کوآرڈینیشن جاری رکھتے ہوئے علاقے کے لوگوں کی معاشی بہتری کیلئے جدید زرعی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ زراعت کو بطور کاروبارفروغ مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ زراعت معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ مقامی سطح پر زمینداران کو زراعت کی جانب راغب کرنا ہوگا تاکہ وہ اپنی زمینوں کو آباد کرتے ہوئے اپنی ضروریات مقامی سطح پر پوری کر سکیں۔
ناظم زراعت ملک محمد عامر اور دیگر آفیسران زراعت نے اسلامک ریلیف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی جدید تکنیکی مہارتوں اور ضروری اوزار کی فراہمی میں اسلامک ریلیف نے ہمیشہ تعاون کیا جو کہ زرعی سرگرمیوں کی بہتر انداز میں انجام دہی کے لیے معاون رہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں شدید سردی کی لہر، بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچےگر گیا
انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت زمینداروں کی معاونت کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ اسوقت ہمارے خطے کو موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز کا سامنا ہے اس سے نبرد آزما ہونے کے لیے زراعت کا شعبہ نہایت اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر اسلامک ریلیف کی جانب سے سرکل آفس کہوڑی کیلئے زرعی ٹول کٹس، پاور سپرئیر، ہینڈ ڈرائیون ٹریکٹر، مشروم کی کاشت کیلئے ضروری سامان اور سبزیوں کی پنیری کی تیاری کیلئے چھوٹے گملے، کمپوسٹ بھی مہیا کی گئی۔۔
اس جدید آلات کی فراہمی سے سرکل کہوڑی کی استعداد کار میں اضافہ ہو گا جس سے زمینداران بھی مستفید ہونگے اور انکے زیادہ بہتر اور موثر معاونت یقینی بنائی جا سکے گی۔
مقامی زمینداران نے اسلامک ریلیف اور محکمہ زراعت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کہوڑی سرکل کو ماڈل سرکل کا درجہ دیا اور جدید و ضروری زرعی آلات فراہم کیے۔
تقریب میں نائب ناظم زراعت ملک محمد عامر، پروگرام کوآرڈینیٹر اسلامک ریلیف آزاد کشمیر ڈاکٹر ریاض احمد خان، انٹومالوجسٹ محکمہ زراعت محمد حفیظ مغل، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر خوشبخت زاہد، اسسٹنٹ ہارٹیکلچر آفیسر سید غلام مرتضٰی گیلانی، زراعت آفیسر کہوڑی سرکل جاوید ریاض، اسلامک ریلیف کے وقار ہمدانی اور محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف نے شرکت کی۔




