نیویارک: فیفا اور ٹک ٹاک کے درمیان فیفا ورلڈ کپ 2026 کی کوریج کو وسعت دینے اور شائقین کو ایک منفرد ڈیجیٹل تجربہ فراہم کرنے کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا ”پریفرڈ پلیٹ فارم“ معاہدہ طے پا گیا ہے۔ دونوں اداروں کی جانب سے اس اہم معاہدے پر باقاعدہ دستخط کر دیے گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس شراکت داری کا بنیادی مقصد فٹ بال کی تاریخ کے سب سے بڑے ایونٹ کو عالمی سطح پر کروڑوں شائقین کے لیے زیادہ قابل رسائی بنانا ہے، تاکہ دنیا بھر میں فٹ بال کے مداح جدید ڈیجیٹل سہولیات کے ذریعے ورلڈ کپ سے جُڑ سکیں۔
رپورٹس کے مطابق اس جدید اشتراک کے تحت ٹک ٹاک فیفا کا پہلا باقاعدہ ترجیحی پلیٹ فارم بن گیا ہے۔ اس معاہدے کے نتیجے میں شائقین کو میچز کے پردے کے پیچھے کے مناظر (بی ٹی ایس) اور خصوصی ڈیجیٹل مواد تک براہ راست رسائی حاصل ہو سکے گی۔ ٹک ٹاک پر ایک مخصوص ’فیفا ورلڈ کپ 2026 ہب‘ بھی قائم کیا جائے گا، جہاں میچ ٹکٹس، میچ دیکھنے سے متعلق معلومات اور گیمنگ فیچرز دستیاب ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل فرنچائز کی ریکارڈ بولی لگانے والے فواد سرور کون ہیں؟
اس شراکت داری کے تحت براڈکاسٹرز اور آفیشل میڈیا پارٹنرز کو بھی ٹک ٹاک پر لائیو سٹریمنگ، میچ کلپس پوسٹ کرنے اور اشتہارات کے ذریعے آمدنی حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹک ٹاک، فیفا کے انٹلیکچوئل پراپرٹی حقوق کے تحفظ کے لیے پائریسی کے خلاف سخت پالیسیاں نافذ کرے گا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پہلی بار فیفا اور ٹک ٹاک مل کر ایک جامع ’کریئیٹر پروگرام‘ بھی شروع کریں گے، جس کے تحت دنیا بھر سے منتخب ٹک ٹاک کریئیٹرز کو پریس کانفرنسز اور تربیتی سیشنز تک براہ راست رسائی دی جائے گی، تاکہ وہ اپنے فالوورز کو ورلڈ کپ 2026 کا ایک منفرد اور اچھوتا منظر دکھا سکیں۔
فیفا کے سیکرٹری جنرل ماتیاس گرافسٹروم کے مطابق “ہمارا مقصد فیفا ورلڈ کپ 2026 کی خوشیاں زیادہ سے زیادہ شائقین تک پہنچانا ہے اور اس مشن کے لیے ٹک ٹاک سے بہتر کوئی اور پلیٹ فارم نہیں ہو سکتا۔”
انہوں نے کہا کہ “یہ شراکت داری شائقین کو ایکشن کے اتنا قریب لے آئے گی جتنا پہلے کبھی ممکن نہیں تھا۔”
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل میں 2 نئی ٹیمیں حیدرآباد اور سیالکوٹ شامل
ٹک ٹاک کے گلوبل ہیڈ آف کنٹینٹ جیمز اسٹافورڈ نے کہاکہ “ٹک ٹاک پر فٹ بال کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “ٹک ٹاک پر کھیلوں کا مواد دیکھنے والے 42 فیصد افراد لائیو میچز دیکھنے میں زیادہ دلچسپی لیتے ہیں۔ ہم نئی نسل خاص طور پر نوجوانوں اور خواتین تک فٹ بال کا جنون پہنچانے کے لیے پرجوش ہیں۔”




