چین کی ایک کمپنی نے دنیا کا پہلا روبوٹ فون تیار کیا ہے جو فی الحال کانسیپٹ ڈیزائن کے طور پر موجود ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں اس کا کمرشل ورژن متعارف کرایا جائے گا۔
یہ فون کوئی عام اسمارٹ فون نہیں بلکہ انتہائی خاص خصوصیات کا حامل ہے۔ فون میں ایک منفرد گیمبل میکنزم موجود ہے، یعنی فکس رئیر کیمرے کی بجائے اس میں ایک ہاتھ چھپا ہوا ہے جو ڈیوائس کے بیک سے باہر نکلتا ہے۔ یہ ہاتھ پرائمری کیمرے کو 360 ڈگری میں تصاویر یا ویڈیوز ریکارڈ کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے، جس سے لائیو اسٹریمنگ یا کسی بھی جگہ کو ریکارڈ کرنا آسان ہو جاتا ہے۔
یہ گیمبل میکنزم ہاتھ کو بائیں جانب سے دائیں جانب حرکت دیتا ہے، جس سے کیمرے کی کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے۔ کمپنی کی جانب سے فون کی دیگر تفصیلات کو راز میں رکھا گیا ہے اور یہ معلوم نہیں کہ کیمرا موڈیول میں کونسا سنسر استعمال کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سائنس فکشن فلموں جیسا موبائل فون حقیقت بن گیا، سام سنگ کا نیا تجربہ
البتہ یہ ضرور بتایا گیا ہے کہ فون میں ایک اسٹار ٹریکنگ موڈ موجود ہے اور یہ کیمرہ سیلفی لینے یا ویڈیو کالز کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، فون کے بیک پر 2 دیگر کیمرے موجود ہیں جنہیں معمول کے اسمارٹ فونز کی طرح تصاویر یا ویڈیوز کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اس کانسیپٹ ڈیزائن کو لاس ویگاس میں کنزیومر الیکٹرونکس شو کے دوران پیش کیا گیا جبکہ کمپنی کی جانب سے اسے باضابطہ طور پر مارچ میں موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر متعارف کرایا جائے گا۔




