وادی نیلم :رینج آفیسر بانڈی نے فیلڈ عملہ کے ساتھ ملکر ٹمبر مافیا کےگرد گھیراتنگ کرتے ہوئے رات کی تاریکی میں لوئر نیلم کے سوسل کمپارٹمنٹ سے غیرقانونی نکاسی کردہ دیودار کی قیمتی لکڑی ضبط کرکے سیل ڈپو اشکوٹ منتقل کردی۔
ذرائع کے مطابق محکمہ جنگلات کے افسران کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ دیودار کی قیمتی لکڑی سمگل کی جا رہی ہے جس پر محکمہ کے ملازمین علی الصبح سوسل کے مقام پر پہنچ گئے۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد:قیمتی لکڑ سمگلنگ کا منصوبہ ناکام، ڈرائیور فرار،فارسٹ گارڈ زخمی
محکمہ جنگلات کے ملازمین نے دیودار کی ضبط شدہ قیمتی لکڑی سیل ڈپو منتقل کردی لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ لکڑی کون سمگل کررہا تھا یا اس حوالے سے آگے کیا کارروائی کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ وادی نیلم سے دیودار کی قیمتی لکڑی کی سمگلنگ عام ہے اور محکمہ جنگلات کی طرف سے کارروائیاں کی بھی جاتی ہیں اس کے باوجود سبز درخت کاٹے جا رہے ہیں۔
محکمہ جنگلات کی طرف سے لکڑی تو پکڑی جاتی ہے لیکن سمگلر زپکڑے نہیں جاتے اور جنگلات کی بے دریغ کٹائی کی وجہ سے خطہ شدید موسمیاتی تبدیلیوں کا بھی شکار ہے۔
یاد رہے کہ نیلم میں فاریسٹ مجسٹریٹ عدالت نے درخت کاٹنے والے مجرم کو 30 درخت لگانے اور انکی 10سال تک حفاظت کرنے کی سزا دے سنائی تھی جسے سراہا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: فاریسٹ چک پوسٹ چلہانہ کی کارروائی، جڑی بوٹی سمگلنگ کی کوشش ناکام
عدالت نے اس فیصلے کے تحت فاریسٹ گارڈز کو نگران مقرر کرنے کی ہدایت کی تھی جو ہر ماہ مجسٹریٹ عدالت میں رپورٹ جمع کرائیں گے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ درختوں کی حفاظت اور نگہداشت مناسب طور پر ہو رہی ہے۔
حکومت کو جنگلات کو بچانے کیلئے مزید سخت اقدامات کرنا ہوں گے۔




