پاکستان اور سری لنکا ٹی 20سیریز ٹرافی کی رونمائی، جیت کر واپس جائیں گے، کپتان سلمان آغا

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی 20سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی، تقریب میں پاکستان کے کپتان سلمان آغا اور سری لنکن کپتان داسن شناکا نے مشترکہ طور پر ٹرافی سے پردہ اٹھایا، اس موقع پر سلمان آغا نے کہا کہ سیریز جیت کر وطن واپس جانے کی کوشش کرینگے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سلمان آغا نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو ورلڈکپ سے قبل سری لنکا میں میچز کھیلنے کا موقع مل رہا ہے جو تیاری کے حوالے سے نہایت اہم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: زمبابوے کو شکست :پاکستان نے سہ ملکی انڈر 19سیریز جیت لی

ان کے مطابق سری لنکا کی کنڈیشنز میں کھیلنے سے ٹیم کو ورلڈکپ کے لیے بہتر تیاری اور حالات سے ہم آہنگ ہونے میں مدد ملے گی۔

پاکستانی کپتان نے کہا کہ بابر اعظم، شاہین آفریدی اور محمد رضوان میگا اسٹارز ہیں اور پاکستان کرکٹ کے لیے ان کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس ٹی 20 سیریز میں مستقبل کے کھلاڑیوں کو آزمانے کا موقع دیا جائے گا تاکہ بین الاقوامی سطح پر ان کی صلاحیتوں کو پرکھا جاسکے۔

سلمان آغا کا کہنا تھا کہ خواجہ نافع ایک اچھے بیٹسمین ہیں اور وکٹ کیپنگ بھی موثر انداز میں کرتے ہیں، امید ہے کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ جیسی کارکردگی اس سیریز میں بھی دکھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم مضبوط کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترے گی اور سیریز جیت کر وطن واپس آنے کی کوشش کریگی۔

انہوں نے بتایا کہ کھلاڑی مختلف انٹرنیشنل ٹی20 لیگز میں اچھی کارکردگی کے بعد ٹیم کا حصہ بنے ہیں اور توقع ہے کہ وہ اسی تسلسل کو برقرار رکھیں گے۔

شاہین شاہ آفریدی کے حوالے سے سلمان آغا نے کہا کہ ان کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ری ہیب جاری ہے اور امید ہے کہ وہ ورلڈکپ سے قبل مکمل فٹ ہو جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سمیر منہاس نے تیز ترین سنچری بنالی، بھارت کا عالمی ریکارڈ چکنا چور

سلمان آغا کے مطابق شاداب خان طویل انجری کے بعد کم بیک کر چکے ہیں اور انہوں نے بگ بیش لیگ میں اچھی پرفارمنس دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں موجود تمام اسپنرز آل راؤنڈرز ہیں، جنہیں ایک ساتھ مینج کرنا ایک چیلنج ضرور ہے، تاہم ٹیم اس چیلنج کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

Scroll to Top